فارمیسی کونسل آف پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کاویمن یونیورسٹی ملتان کے متی تل کیمپس کا دورہ مکمل

ترجمان کے مطابق فارمیسی کونسل کے وفد کا وائس چانسلرویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے استقبال کیا اور انہیں یونیورسٹی کے مجموعی تعلیمی وژن، ادارہ جاتی ترقی، اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا، خصوصاً فارمیسی تعلیم کے فروغ اور معیار سے متعلق اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
فارمیسی کونسل آف پاکستان کے وفد میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف خاص خیلی ، ڈاکٹر عبید خان اور ڈاکٹر طاہر چوہان شامل تھے۔
وفد نے شعبۂ فارمیسی کے لیکچر ہالز، تدریسی سہولیات اور جدید لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے ایک نشست کے دوران تعلیمی معیار، عملی و پیشہ ورانہ تربیت، ریسرچ کلچر، نصاب کی ہم آہنگی اور فارمیسی تعلیم سے متعلق ریگولیٹری امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ “ ویمن یونیورسٹی ملتان معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ فارمیسی جیسے اہم شعبے میں ہم نہ صرف جدید انفراسٹرکچر فراہم کر رہے ہیں بلکہ طلبہ کی عملی تربیت، تحقیق اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں فارمیسی کونسل آف پاکستان کی رہنمائی ہمارے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔”
چیئرپرسن شعبۂ فارمیسی ڈاکٹر کنول رحمان نے کہا کہ “شعبۂ فارمیسی میں تدریسی و تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہم مسلسل کام کر رہے ہیں ہمارے اساتذہ اور طلبہ علمی و عملی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جبکہ فارمیسی کونسل آف پاکستان کے معیار اور ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔”
دورے کے دوران وفد نے شعبۂ فارمیسی کی زیرِ تعمیر جدید اور مقصد کے لیے مخصوص عمارت کا بھی معائنہ کیا، جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد علی بھٹہ نے نئے فارمیسی بلاک کی تعمیراتی پیش رفت اور جاری کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس عمارت کی تکمیل سے تدریسی، تحقیقی اور لیبارٹری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
فارمیسی کونسل آف پاکستان کے وفد نے دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں فراہم کی جانے والی سہولیات، فیکلٹی کی محنت اور طلبہ کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی فارمیسی تعلیم کے اعلیٰ معیار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔




















