ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے یونیورسٹی کیمپس میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق، پروفیسر شفقت عباس سیکرٹری ٹو وائس چانسلر ،اساتذہ، طلباء اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا محض کیمپس کی خوبصورتی بڑھانے کا ذریعہ نہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف ہماری اجتماعی ذمہ داری کی علامت ہے۔ درخت نہ صرف فضا کو صاف کرتے ہیں بلکہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ نہ صرف ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے ایک مثبت مثال بھی قائم کریں۔ ایمرسن یونیورسٹی اس مہم کے ذریعے پائیدار اور سرسبز ماحول کے قیام کے لیے اپنی بھرپور کوششوں کو جاری رکھے گی۔
شجرکاری مہم کے دوران طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں آگاہی مہم بھی چلائی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ یہ مہم نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی۔
ایمرسن یونیورسٹی کی شجرکاری مہم ماحول دوست اقدامات کی طرف ایک اہم قدم ہے اور اس مہم کے تحت کیمپس کو مزید سر سبز اور خوبصورت بنانے کے لیے طلبہ و اساتذہ کو متحرک کیا جا رہا ہے۔