ایمرسن یونیورسٹی میں یوم شجر کاری منایا گیا

عالمی یوم جنگلات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک شاندار شجر کاری تقریب ایمرسن یونیورسٹی بوسن روڈ میں منعقد ہوئی، تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری، سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر اور ضلعی فاریسٹ آفیسر سمیت متعدد معزز مہمان شریک ہوئے، جبکہ طارق رشید اراکین اسمبلی مہمانانِ خاص کے طور پر موجود تھے۔
تقریب کا آغاز ایمرسن یونیورسٹی کے الغزالی ہال میں ہوا، جہاں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے خطاب کرتے ہوئے شجر کاری مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے عوام خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک بہتر اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر انہوں نے ایمرسن یونیورسٹی کی تیزی سے ترقی پر وائس چانسلر کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ یونیورسٹی اس خطہ کے لیے رول ماڈل ہے۔
وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے اس موقع پر یونیورسٹی میں شجر کاری کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی ماحولیاتی تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر درخت لگائے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی ادارے کو سر سبز اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔
سی پی او صادق علی ڈوگر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، شجر کاری نہ صرف ہمارے ماحول کے لیے بلکہ ہمارے انے والی نسلوں کے لیے بہت ضروری ہے، انہوں نے ایمرسن یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب کے دوران شرکاء ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے یونیورسٹی کے احاطے میں شجر کاری کرتے ہوئے درخت لگائے اور اس مہم کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
بعد ازاں آگاہی ریلی بھی نکالی گئی، جس میں طلبہ، اساتذہ، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شجر کاری مہم کے دوران مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے ایسی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر شرکاء میں پودے بھی تقسیم کیے گئے تاکہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔