پی ایم ایس پروبیشنرز کا پیف کادورہ

ملتان(خصوصی رپورٹر)مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایم پی ڈی ڈی) میں پی ایم ایس پروبیشنرز (BS-17)کی 11ویں پوسٹ انڈکشن ٹریننگ کورس کے 40 رکنی وفد نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر دفتر کا مطالعاتی دورہ کیا۔ وفد کی قیادت افشاں مشتاق (انسٹرکٹر -ایچ آر ایم)نے کی۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسد نعیم اور دیگر سینئر افسران نے وفد کے شرکاء کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کارکردگی اور پیف کے تعلیمی منصوبوں فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول پروگرام، ایجوکیشن واؤچر سکیم اور نیو سکول پروگرام کی افادیت سے آگاہ کیا۔
وفد کو بتایا گیا کہ پیف 36اضلاع میں سات ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں کے اشتراک سے 26لاکھ سے زائد مستحق طلباو طالبات کو مفت اور معیاری تعلیم مہیا کر نے میں سر گرم عمل ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پیف سے منسلک سکولوں میں پڑھنے والے طالب علموں کو نصابی کتب بھی پیف کی جانب سے مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
میٹنگ کے دوران شرکاء کو مانیٹرنگ کے نظام، کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے طریقہ کار، سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم، پیف پارٹنرز کی پیمنٹس کے نظام، پیف پارٹنر سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کے تربیتی ورکشاپس اور دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
میٹنگ کے دوران تمام شرکاء نے پیف کے تعلیمی منصوبوں کو سراہا ، اور کہا کہ پیف کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل بہترین ماڈل ہے ،اور تعلیمی میدان میں پیف کی خدمات قابل ستائش ہیں۔