Breaking NewsSportsتازہ ترین

سکول ہاکی لیگ کے پول میچز کا اختتام، آج سیمی فائنل کھیلے جائیں گے

سنسنی خیز مقابلوں کے بعد بہاول پور کے نواب، بہاول نگر کے برق رفتار اور رحیم یار خان کے یاران سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

گرلز و بوائز ہاکی لیگ کے سیمی فائنل میچز آج بہاول پور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ سکول ہاکی لیگ کے پول میچز اختتام پذیر ہو گئے۔

بہاول پور ڈویژن کی گرلز و بوائز ٹیمیں پانچویں روز بھی جیت کے حوالے سے سرفہرست رہیں۔

ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں ہونے والے پول اے (گرلز) کے میچ میں بہاول پور نواب کی ٹیم نے بہاول پور براق کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، فاتح ٹیم کی طرف سے روبیشا نے دو گول جب کہ نایاب نے ایک گول کیا۔

حیدر اسٹیڈیم بہاول نگر میں منعقدہ پول اے (گرلز) کے دوسرے میچ میں بہاول نگر برق رفتار کی ٹیم صفر کے مقابلے میں تین گول سے وہاڑی کھلاڑی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی، اس میچ میں صابرہ نے ایک جبکہ راحیلہ نے دو گول کیے۔

پول اے (گرلز) کا تیسرا میچ رحیم یارخان یاران اور لودھراں جواں کی ٹیموں کے درمیان ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں ہوا جو صفر کے مقابلے میں تین گول سے رحیم یار خان یاران نے جیت لیا، فاتح ٹیم کی طرف سے عروج، حلیمہ اور امبرین نے ایک ایک گول کیا۔

پول بی (گرلز) کے پہلے میچ میں ملتان مشاق نے ڈیرہ غازی خان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ملتان میں ہونے والے اس میچ میں رامین نے تین اور سائرہ ساگر نے ایک گول کیا۔ ڈیرہ غازی خان میں منعقدہ پول بی (گرلز) کا راجن پور رستم اور مظفر گڑھ نڈر کے درمیان ہونے والا میچ دو صفر سے مظفر گڑھ نڈر نے جیت لیا۔

فاتح ٹیم کی طرف سے صبا اور عائشہ نے ایک ایک گول کیا۔ ملتان میں منعقدہ پول بی (گرلز) کے ایک مقابلے میں خانیوال خطرناک اور لیہ لجپال کے درمیان ہونے والا میچ صفر صفر سے ڈرا ہو گیا۔ تاہم زیادہ پوائنٹس کے باعث لیہ لجپال کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

پول اے (بوائز) کا پہلا میچ بہاول پور نواب اور بہاول پور براق کی ٹیموں کے درمیان ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں ہوا، جسے بہاول پور نواب نے صفر کے مقابلے میں اٹھارہ گول سے جیت لیا اور سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

فاتح ٹیم کی طرف سے سلمان، شاہ زیب اور حنظلہ نے دو دو، زبیر نے تین، حنان نے پانچ جب کہ حمزہ، سلطان، عثمان اور دانیال نے ایک ایک گول کیا۔

بہاول نگر برق رفتار اور وہاڑی کھلاڑی کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا پول اے (بوائز ) کا دوسرا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

حیدر اسٹیڈیم بہاول نگر میں منعقدہ اس میچ میں بہاول نگر برق رفتار کی طرف سے شاہ زیب اور وہاڑی کھلاڑی کی طرف سے ابوذر نے ایک ایک گول کیا۔

پول اے (بوائز) کے تیسرے میچ میں رحیم یارخان یاران کی ٹیم نے لودھراں جواں کو آٹھ صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہ اس میچ میں فاتح ٹیم کی طرف سے احمد نے تین جب کہ دانش، فضل، سہیل، شفاقت اور علی نے ایک ایک گول کیا۔

ملتان میں منعقدہ ملتان مشاق بمقابلہ ڈیرہ غازی خان پول بی (بوائز) کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ تاہم پول میچز میں زیادہ پوائنٹس کے باعث ملتان مشاق نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

ڈیرہ غازی خان میں پول بی (بوائز) کے دوسرے میچ میں مظفر گڑھ نڈر کی ٹیم نے راجن پور رستم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

فاتح ٹیم کی طرف سے عبداللہ اور بشیر نے ایک ایک گول کیا۔ پول بی (بوائز) کے تیسرے میچ میں خانیوال خطرناک کی ٹیم لیہ لجپال کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی، ملتان میں منعقدہ میچ میں فاتح ٹیم کی طرف سے نور حسن نے چار، وسیم نے دو اور عارف نے ایک گول کیا۔

آج گرلز ہاکی لیگ کے سیمی فائنل میں بہاول پور نواب کا مقابلہ ملتان مشاق کے ساتھ صبح ساڑھے نو بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں جب کہ لیہ لجپال کا مقابلہ بہاول نگر برق رفتار کے ساتھ صبح ساڑھے نو بجے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول مون لائیٹ ملتان میں کھیلا جائے گا۔

اسی طرح بوائز ہاکی لیگ کے سیمی فائنل میچز میں بہاول پور نواب بمقابلہ ملتان مشاق دن ساڑھے گیارہ بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں جب کہ خانیوال خطرناک بمقابلہ رحیم یارخان یاران صبح ساڑھے نو بجے گورنمنٹ ہائی سکول جامعہ العلوم ملتان میں منعقد ہو گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

پاکستان میں کرونا وائرس کی صورت حال

گھر پر رہیں|محفوظ رہیں