محکمہ بہبود آبادی کی موبائل مہم شروع، علماء اور ڈاکٹرز کے گلی گلی لیکچرز

محکمہ بہبود آبادی ایک سرکاری فلاحی ادارہ ہے، جو خاندانی منصوبہ بندی اور ماں بچے کی صحت سے متعلق مفت خدمات اور مانع حمل ادویات فراہم کرتا ہے تاکہ ملکی آبادی اور وسائل میں توازن پیدا کر کے ملک کے نوجوانوں اور قومی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے، اور اس کے باشندوں کو اچھی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ہر ضروری اور بنیادی سہولیات باہم مفت اور بآسانی پہنچائی جا سکیں ۔
اس حوالے سے خدمات اور ادویات سے متعلق معلومات اور آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے تاکہ ضرورتمند افراد اور خاندان محکمہ بہبود آبادی کے فلاحی مراکز پر دستیاب مفت سہولیات اور خدمات بآسانی حاصل کرسکیں ۔
اس سلسلے میں محکمہ بہبود آبادی حکومت پنجاب لاہور کی ہدایت پر ضلع بھر میں بڑی سکرین کی حامل ایک گاڑی مختلف عوامی مقامات پر جا کر ملک کے جید علماء کرام، مشہور شخصیات اور دیگر ماہرین کا پیغام پہنچاتی ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی اسلام اصولوں کے عین مطابق اور وقت کی اہم ضرورت ہے-۔
انکا پیغام ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی کی مفت خدمات، سہولیات اور ادویات سے سے بھر پور فائدہ اٹھا کر اپنے خاندان کی بھلائی کے ساتھ ساتھ ملکی اور قومی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں ۔
اس حوالے سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملتان ملک محمد حسن نے بتایا کہ مذکورہ سکرین والی گاڑی پچھلے 20 دنوں سے تحصیل ملتان سٹی و صدر کے مختلف عوامی مقامات پر پیغامات پہنچا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملتان آفتاب احمد کی طرف سے منظور شدہ شیڈول کے مطابق یہ گاڑی آج سے تحصیل شجاع آباد میں چکر لگا کر عوامی مقامات پر محکمہ بہبود آبادی کا فلاحی پیغام پہنچائے گی۔