نجی تعلیمی اداروں نے انٹر میڈیٹ کے 282 امیدواروں کا مستقبل داؤ پر لگا دیا

ملتان کی نجی تعلیم اداروں نے 282 امیدواروں کا مستقبل داؤ پر لگا دیا، انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں آج انگلش کا پرچہ مگر ان امیدواروں کی فیس ادا نہ ہونے کی وجہ سے رولنمبر سلپ روک لی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے ملتان کے متعدد تعلیمی اداروں نے رجسٹریشن اور ایفی لیشن نہ ہونے کی وجہ سے ایک ادارے آئیڈیل پبلک سکول سے داخلے بھجوائے، جس کی انتظامیہ نے فیس ہی ادا نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ ساڑھے تین کروڑ روپے کا ڈیفالٹر ہے، 50 لاکھ روپے سکینڈ ائیر اور جبکہ 3 کروڑ روپے فرسٹ ائیر کے امتحان کے ہیں جو 19 مئی سے شروع ہوں گے۔
اس صورتحال میں والدین پریشان ہوکر ملتان بورڈ پہنچ گئے، جس کی اطلاع سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد نے چیئرمین کمشنر ملتان کو دی، جنہوں نے اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا کہ جو امیدوار اپنے واجبات ادا کردے ان کو رولنمبر سلپ جاری کردی جائے، جس کے بعد ملتان بورڈ میں ایک ایمرجنسی ڈیسک قائم کردیا گیا جس میں ان امیدواروں کو فون کرکے اطلاع دی گئی کہ وہ واجبات ادا کرکے رولنمبر سلپ لے سکتے ہیں، رات گئے تک امیدواروں کو رولنمبر سلپ جاری ک جاتی رہیں۔
بورڈ ذرائع کے مطابق آئیڈیل سکول کا اصل مالک روپوش ہوگیا ہے اور اپنے بھائیوں کو سامنے پیش کردیا جو سارا دن بورڈ حکام کو بغیر ادائیگی رولنمبر سلپ جاری کرنے پر آمادہ کرتے رہے۔
بعد ازاں انہوں نے الگ الگ رولنمبر سلپ جاری کرنے کی مخالفت کی کہ ان کی فیس نہیں ملیں گی، اس لئے بورڈ ان امیدواروں کو رولنمبر سلپ جاری نہ کرے مگر ان کی یہ درخواست مسترد کردی گئی ۔