سرکاری سکولوں میں ایگزام ایمرجنسی نافذ
سالانہ امتحانات میں موثر نتائج کے لیے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ایگزام ایمرجنسی نافذ، ہر طالب علم کا تفصیلی پروفائل تیار کرنے کا حکم، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے موک امتحانات کا انعقادلازمی قرار، تمام رجسٹرڈ بچوں کی بورڈ کے امتحانات میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب بیرسٹرڈاکٹر احتشام انور نے میٹرک اور دیگر کلاسز کے امتحانات میں موثر نتائج کے حصول کے لیے بارہ اضلاع کے تمام سرکاری سکولوں میں ایگزام ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
ایگزام ایمرجنسی کے تحت سکول سربراہان کو طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے اور سکولوں کی استعداد جانچنے کے جدید طریقہ ہائے تدریس سے بھرپور استفادہ کے لیے موک امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
موک امتحانات میں تمام سکول بورڈ کی ڈیٹ شیٹ اور پیٹرن کے مطابق امتحانات منعقد کرائیں گے، ایگزام ایمرجنسی کے تحت ہر طالب علم کا تفصیلی پروفائل مرتب کیا جائے گا ، جس میں تعلیمی تعطیلات کے علاوہ اس طالب علم کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو درج کیا جائے گا، یہ پروفائل رجسٹر اعلیٰ حکام کسی بھی وقت دورہ کر کے چیک کر سکیں گے۔
ایگزام ایمرجنسی میں طلبہ کی ضروریات سامنے رکھ کر سبق کی باقاعدہ پلاننگ کا حکم دیا گیا ہے، اور اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ امتحانات کے انعقاد تک والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا اہتمام کر کےانہیں سکولز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور بہترین تعلیمی کے حصول کے لیے اپنے بچوں کی گھروں پر موثر نگرانی کرنے پر قائل کیا جائے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے امتحانی پرچوں کے حوالہ سے اپنی پالی ک تبدیل کر دی ہے لہذا ٹیسٹ اور امتحانی پرچوں کو ترتیب دیتے ہوئے اساتذہ نئی پالیسی کو مدنظر رکھیں۔
ہدایات میں سرکاری سکولوں کے تمام طلبہ پر امتحانوں کے حوالہ سے خصوصی توجہ دینے پر زور دیا گیا ہے تاہم طلبہ کے کیرئیر کا انحصار چونکہ بورڈ کے امتحانات کے نتائج پر ہوتا ہے لہذا نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کی کلاسز پر بھرپور توجہ دینے اورسالانہ امتحانات کی متوقع تواریخ کو سامنے رکھ کر نہم،دہم پھر بارہویں اور گیارہویں کے طلباء وطالبات کے لیے نصاب کی تکمیل ،دہرائی اور پریکٹس ٹیسٹ کا شیڈول مرتب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سکولوں کے تمام رجسٹرڈ بچوں کی بورڈ کے امتحانات میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
ایگزام ایمرجنسی کے دوران سکول سربراہان اور اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بھی ایک جامع حکمت عملی بنائی جائے گی ، بہترین نتائج حاصل کرنے والے سکول کے سربراہان ،اساتذہ اور طلبہ کو اعزازات دیے جائیں گے۔
پہلے سے بہتر نتائج نہ دینے والے سکول سربراہان کو اپنی کارکردگی کے حوالہ سے جوابدہ کیا جائے گا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سی ای اوز ایجوکیشن ، ڈی ای اوز ، ڈپٹی ڈی ای اوز اور دیگر تعلیمی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایگزام ایمرجنسی کے دوران بہترین نتائج کے لیے تسلسل سے سکولوں کے وزٹ اور تمام نکات پر موثر انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنائیں، اور اس مہم کے تناظر میں سکول انتظامیہ کی رہنمائی اور معاونت کریں۔