پیف آفس میں بڑی تقریب کا انعقاد

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں میٹرک 2024 کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان اور منیجنگ ڈائریکٹر، شاہد فرید نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پیف بورڈ کے ممبران بھی شریک ہوئے۔
ڈی جی خان بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ماریہ بنتِ عبدالرحمن کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے 1 لاکھ روپے کا کیش انعام دیا گیا۔اسی طرح ڈی جی خان بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمد عمیر اور علینہ آصف قریشی کو 50 ہزار روپے کے کیش انعامات سے نوازا گیا۔
علاوہ ازیں سرگودہا بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی سمیہ کرن کو بھی 50 ہزار روپے کا کیش انعام دیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین پیف ملک شعیب اعوان نے کہا کہ یہ ہونہار طلباء قوم کا روشن مستقبل ہیں، اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسی طرح پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی اور کامیابیوں کو سراہنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
منیجنگ ڈائریکٹر پیف شاہد فرید نے بھی طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے یہ طلباء ہمارے نظامِ تعلیم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔