پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منصور نے وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان کا چارج سنبھال لیا

یونیورسٹی کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ویمن یونیورسٹی ملتان کی نئی مستقل وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منصور نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
ان کو چار سال کےلئے تعینات کیاگیا ہے وہ ویمن یونیورسٹی ملتان کی تیسری مستقل وائس چانسلر ہیں، ان سے قبل پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حسنین، ڈاکٹر عظمیٰ قریشی بھی اس عہدے پر فائز رہ چکی ہیں، ڈاکٹر فرخندہ پروفیسر آف لا ہیں حال ہی میں ڈائریکٹر جنرل شریعہ اکیڈمی انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔
انہوں نے ایل ایل بی شریعت اور قانون، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے کیا،پھر 1997میں ایل ایل ایم کیا پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ ضیاایل ایل ایم، پی ایچ ڈی، پوسٹ ڈاک (برطانیہ)ایل ایل بی، ایل ایل ایم شریعت اینڈ لاء، انٹرنیشل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی ممبر سوسائٹی آف لیگل اسکالر یوکے کنسلٹنٹ برٹش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ کمپریٹیو لاء یوکے سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل، پاکستان رہ چکی ہیں
گزشتہ روز نئی وائس چانسلر کچہری کیمپس پہنچیں تو ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا، قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان نے پھولوں سے ڈاکٹر فرخندہ کو خوش آمدید کہا جس کے بعد انہوں نے چارج سنبھال کر وی سی آفس سنبھال لیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ان کو جو ذمے داری دی گئی تھی وہ انہوں نے احسن طریقے سے پوری کرنے کی کوشش کی، اب مستقل وائس چانسلر یونیورسٹی کے سفر کو آگے بڑھائیں گی۔
رجسٹرارڈاکٹر میمونہ خان نے مختصر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ جنوبی پنجاب کی ابھرتی یونیورسٹی ہے جس کو ڈاکٹر فرخندہ کی متحرک شخصیت ٹاپ لسٹ میں شامل کرانے میں مدد دے گی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منصور کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی تاریخی یونیورسٹی کا وائس چانسلر بننا اعزاز سے کم نہیں، جامعہ کی مزید تعمیر و ترقی کیلئے صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، تربیت اور تحقیق کے شعبوں میں یونیورسٹی کا معیار بڑھائیں گے
یونیورسٹی کی تدریسی و تحقیقی ثقافت کو فروغ دینا اولین ترجیحات میں شامل ہے یونیورسٹی کو درپیش تمام مسائل کو قوانین کے روشنی میں احسن طریقے سے حل کیا جائے گا اور کیمپس کے تعلیمی ماحول کی بہتری کیلئے کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر انتظامی افسران اور دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔