جامعہ زکریا : ‘’پروفیسر ڈاکٹر سکندر حیات آڈیٹوریم ‘‘ کا افتتاح
فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ’’پروفیسر ڈاکٹر سکندر حیات آڈیٹوریم ‘‘کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی اور ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے کیا ۔
آڈیٹوریم کی تختی کی نقاب کشائی کے بعد فیکلٹی اور یونیورسٹی کی بہتری اور ترقی کے لیے مشترکہ دعا کی گئی، اور ساتھ ہی مرحوم پروفیسر ڈاکٹر سکندر حیات کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔
ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے مرحوم ڈاکٹر سکندر حیات کی خدمات سے حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر سکندر حیات نے 2006 میں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کی باگ ڈور سنبھالی ، اور اس ویٹرنری کی ترقی اور اسے پروان چڑھانے میں ڈاکٹر سکندر حیات کی محنت اور کاوشوں کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔
انہو ںنے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فیکلٹی کے بانی مرحوم ڈاکٹر سکندر حیات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آڈیٹوریم کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی۔
بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، ڈین ڈاکٹر مسعود اختر ، فیکلٹی ممبران ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور کنٹریکٹر کے ہمراہ نئے آڈیٹوریم کا دورہ کیا۔
ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر احمد کی کاوشوں کو بھی سراہا ، اور دیدہ زیب انفراسٹکچر کی تعریف کی۔
اس موقع پر علمدار حسین ممبر ؍سابقہ رجسٹرار پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر احمد اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔