جامعہ زکریا ملتان : پروفیسر ڈاکٹر صہیب قدوس اور ڈاکٹر محمد جاوید بطور ڈینز تعینات کردئیے گئے

ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے زکریا یونیورسٹی ملتان میں ڈینز کی تعیناتی کردی۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب، ڈائریکٹر اسلامی ریسرچ سینٹر، کو فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ لینگویجز کا ڈین مقرر کر دیا گیا ہے، یہ تقرری گورنر پنجاب/چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سینارٹی کی بنیاد پر کی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب تین سال کی مدت یا عمرِ ملازمت کی حد پوری ہونے تک، جو بھی پہلے ہو، بطور ڈین اپنے فرائض انجام دیں گے۔

اسی طرح انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید کو ڈین آف سائنسز تین سال کےلئے تعینات کردیا ہے۔
یونیورسٹی اساتذہ، تدریسی حلقوں اور علمی و مذہبی شخصیات نے اس تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں فیکلٹی تعلیمی و تحقیقی میدان میں مزید ترقی کرے گی۔


















