پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل سیزن 10 ملتوی ہونے کا خدشہ، فیصلہ زیر غور، اعلیٰ سطحی اجلاس طلب

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کے التواء کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام سیزن 10 کو ملتوی کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، تاہم تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کا انعقاد شیڈول کے مطابق کیا جائے گا، تاہم موجودہ صورت حال نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کمیٹی کا اہم ترین اجلاس کچھ دیر بعد طلب کر لیا گیا ہے جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت سیکیورٹی اداروں کے اہم افسران شرکت کریں گے۔ اجلاس کے دوران سیکیورٹی بریفنگ آن لائن بھی دی جائے گی۔
اجلاس میں ممکنہ سیکورٹی خدشات، شیڈول میں رد و بدل اور دیگر اہم امور پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔ پی ایس ایل کے مداح اس فیصلے کے منتظر ہیں کہ آیا لیگ اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہو پائے گی یا نہیں۔
دریں اثنا پی ایس ایل سیزن 10 کے مستقبل پر غیر یقینی: پی سی بی کی ہنگامی مشاورتیں جاری ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کے باقی ماندہ میچز کے انعقاد پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور میں ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں سیکیورٹی خدشات، راولپنڈی میں شیڈول میچز، اور بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ سیریز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں شیڈول چار میچز کے انعقاد کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں میچز کو کراچی منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ تاہم، محدود وقت اور فضائی حدود کی معطلی کے باعث فوری طور پر میچز کی منتقلی ممکن نہیں۔ پی سی بی عام طور پر کھلاڑیوں کو چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں یہ عمل مشکل ہو گیا ہے۔
پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے ساتھ مشاورت کے لیے آج شام 4 بجے ایک اور اجلاس طلب کیا ہے، جس میں تمام فرنچائز مالکان، پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں راولپنڈی کی موجودہ صورتحال، ٹیموں کی سیکیورٹی، اور متبادل منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر وطن واپس جانے کی اجازت طلب کی ہے۔ ملتان سلطانز کا صرف ایک میچ اتوار کو شیڈول ہے، اور ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے ابھی تک پی ایس ایل سیزن 10 کو ملتوی کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر تمام ممکنہ آپشنز پر غور جاری ہے۔