زکریا یونیورسٹی کی ٹرانسپورٹ کو پیٹرول کی فراہمی کےلئے کیمپس میں پمپ لگانے کافیصلہ

زکریا یونیورسٹی انتظامیہ نے سرکاری ٹرانسپورٹ کے پیٹرول کی مد ہونے والی خرد برد کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیمپس میں پی ایس او کا پمپ لگانے کافیصلہ کرلیا ، جس کی منظوری بھی لے لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق زکریا یونیورسٹی کی بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کےلئے 8 کروڑ سے زائد کا پیٹرول خریدا جاتا ہے ، جس کےلئے پرائیویٹ کنٹریکٹر سے معاہدہ کیا جاتا ہے ۔
پیڑول کی مد میں جعلی فلنگ کے کیسز بھی سامنے آئے ، جس کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ نے پی ایس او کے تعاون سے پمپ لگا نے کا فیصلہ کیا ، جو صرف یونیورسٹی کی ٹرانسپورٹ کو سپلائی دے گا۔
یہ پیڑول پمپ ٹرانسپورٹ آفس میں بنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پمپ کے بننے سے دو کروڑ روپے سالانہ کی بچت ہوگی، جو فلنگ کےلئے آنے جانے پر خرچ ہونے والے پیٹرول سے ہوگی۔
جبکہ جعلی فلنگ کے کیسز بھی ختم ہوجائیں گے ، یہ پمپ پی ایس او خود چلائے گی اوراس کےلئے اپنا عملہ تعینات کرے گی ۔
جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ مانیٹرنگ کےلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرے گی ، اس منصوبے کی منظوری دے دی گئی جس پر آئندہ ماہ سے کام شروع ہوجائے گا۔













