ایل ایل بی کیس : پنجاب بار کونسل کا زکریا یونیورسٹی کے خلاف توہین عدالت کا کیس دائر کرنے کا فیصلہ

لیگل ایجوکیشن کمیٹی پنجاب بار کونسل 2025 کا پہلا اجلاس ملک محمد احمد قیوم چیر مین لیگل ایجوکیشن کمیٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں جام محمد یونس ، سردار حبیب انور، راجہ فرخ عارف بھٹی اور امجد اقبال خان ممبران لیگل ایجوکیشن کمیٹی نے شرکت کی۔
اجلاس میں لیگل ایجو کیشن سے متعلقہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ا ہم فیصلے کئے گئے جس کے مطابق زکریا یو نیورسٹی ملتان کے خلاف پنجاب بار کونسل کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
زکریا یونیورسٹی کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور جن کالجز کا الحاق ختم کیا گیا ہے اسکے تین سالہ ایل ایل بی پروگرام کے اصل طلباء کے لئے ابھی تک سٹڈی سنٹر فنکشنل نہیں کئے گئے ہیں اور اس فیصلے کو بہانہ بناکر متاثر طلباء کے امتحانات نہیں لئے جارہے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی، لاہور اور اسکی ایفی لی ایشن کمیٹی کے چیر مین کے خلاف بھی پنجاب بار کونسل کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں دی گئی واضع ہدایات میں جن کالجز کا الحاق ختم کرنے کا کہا گیا تھا، انکو اور اسکے علاوہ کئی ایسے کالجز کا دوبارہ الحاق کر لیا گیا ہے جنکو بہاء الدین ذکریا یو نیورسٹی والے کیس میں ایف آئی اے نے فراڈ کا مرتکب قرار دیا تھا۔ کالجز کی تعداد کو بڑھا کر 89 تک بڑھا دیا گیا ہے جن میں سے اکثریت پاکستان بار کونسل کے لیگل ایجو کیشن رولز میں دی گئی شرائط کو پورا نہیں کرتے ۔
اس درخواست کا مسودہ بھی کمیٹی ممبران کے غور اور تجاویز کے لئے انکو فراہم کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ علی لاء کالج ، رحیم یارخان کے خلاف پیش کی جانے والی شکائیت میں بظاہر اسلامیہ یو نیورسٹی بہاولپور کے عملے کی ملی بھگت نظر آرہی ہے جن کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ کمیٹی کی ہدایت کے باوجود کوئی کاروائی نہ کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں لاء ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ، رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور صورتحال پر کمیٹی کو آگاہ کیا۔ کمیٹی نے وضاحت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کرپٹ عملے کے خلاف فوری قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
العمر لاء کالج ، بہاولنگر کے معاملے میں بھی اسلامیہ یو نیورسٹی، بہاولپور سے وضاحت طلب کی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کی تمام بار ایسوسی ایشنز میں بار ووکیشنل کورس کے انعقاد جعلی ڈگریوں، جعلی اور غیر معیاری لاء کالجز کی بڑھتی ہوئی تعداد سمیت دیگر معاملات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ممبران کو اپنے اپنے علاقوں میں بار ووکیشنل کورس کے انعقاد کے لئے کمیٹیاں بنانے کے لئے نام فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔