سکولوں میں سالانہ امتحانات کا انعقاد، پیک نے شیڈول اور ایس او پیز جاری کردئیے

صوبے کے سکولوں میں اسسمنٹ کا شیڈول جاری کردیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ ایس او پیز بھی جاری کئے گئے ہیں، امتحان 10 مارچ سے شروع ہوگا جس کے لئے پنجاب بھر کے اسکولوں میں آئٹم بینک کی اپ لوڈنگ 3 مارچ، 2025 شروع کی جائے گی جبکہ 9 مارچ تک سارے پیپر پرنٹ کرالئے جائیں گے ۔
پیپر 10-21 مارچ، 2025تک جاری رہیں گے، رزلٹ کارڈز کی تیاری 25 سے 27 مارچ تک جاری رہے گی جبکہ تین اپریل کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا، بچے کو والدین کے ہمراہ رزلٹ کارڈز دیئے جائیں گے۔
جاری ایس اوپیر کے مطابق انگریزی، اردو، ترجمۃ القرآن المجید اور اخلاقیات کے علاوہ تمام سوالیہ پرچے دو لسانی طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
تاہم اسکولوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مضمون کے پرچے انگریزی یا اردو میں تیار کریں، ہر اسکول آئٹم بینک سسٹم (IBS) میں لاگ ان کرکے سوالیہ پرچے تیار کرے گا، جس میں اسکین قابل کیو آر کوڈ ای ایم آئی ایس کوڈ کے ساتھ اسکول کی مکمل معلومات دکھائے گا۔
ہر مضمون (گریڈ 3 سے 8) کے لیے سسٹم سے تیار کردہ پیپر دو صفحات کا ہوگا جس میں اسکین ایبل کیو آر کوڈ ہوگا۔ آئی بی ایس کے ذریعے کاغذات کے ساتھ تیار کردہ کلیدوں اور روبرکس کے مطابق مارکنگ کی جائے گی، گریڈ 1 اور 2 کی تشخیص تمام مضامین کے لیے زبانی ہوگی جس میں بیس (20) نمبروں کے پانچ (05) حصے ہوں گے، جب کہ تحریری مہارت کا اندازہ لگانے کے لیے انگریزی اور اردو کے ہر مضمون کے لیے صرف ایک سوال تحریری ہوگا۔
صرف اساتذہ کے لیے گریڈ 1 اور 2 کے لیے چار صفحات والے ہر مضمون کے پرچے کا ایک رنگین پرنٹ درکار ہوگا، انگریزی اور اردو کے مضامین میں سننے، بولنے اور پڑھنے کی مہارت کی جانچ الگ الگ دن کی جائے گی۔ ان مہارتوں کی تشخیص کے لیے سوالات روبرک میں فراہم کیے گئے ہیں۔