بین الصوبائی رنگ بال چیمپین شپ کیلئے پنجاب ٹیم کااعلان

نیشنل بین الصوبائی رنگ بال چیمپئن شپ کیلئے پنجاب ٹیم کا کیمپ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں اختتام پذیر ہو گیا۔
پنجاب ٹیم کے چیف آرگنائزر و ہیڈ کوچ رانا وقار احمد نے 10 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، حسن رضا ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ محمد جواد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد ثاقب ۔ محمد نعمان۔ محمد ذیشان ۔ ہنزلہ الیاس۔ محمد عبداللہ گوہر ۔ مبشر اشرف۔ محمد عاقب اور حمزہ مختیار۔ شامل ہیں۔
پنجاب ٹیم کے ہیڈ کوچ رانا وقار احمد نے ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف علی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے تعاون سے جنوبی افریقہ کے مقبول ترین کھیل رنگ بال کی قومی چیمپئن شپ کے سلسلے میں پنجاب ٹیم کے 15روزہ فلڈ لائٹ کیمپ کیلئے رہائش اورںسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔
قومی ایونٹ بارے انہوں نے بتایا کہ یہ ایونٹ 23 جولائی سے مری میں کھیلا جائے گا۔
سنگل لیگ کی بنیاد پر شیڈول اس ایونٹ میں پنجاب ۔خیبر پختونخوا ۔ سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔
دریں اثناء دو ہفتوں پر مشتمل کیمپ کی آخری شب کو وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کیمپ کا وزٹ کیا، اور آل پاکستان بین الصوبائی ایونٹ میں پنجاب ٹیم کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر مرزا عبدالقیوم اور آڈیٹر رفیق فاروقی بھی موجود تھے۔