ریلوے سفر کو محفوظ بنانے کےلئے انسپکشن شروع
ڈویژنل سپریٹینڈنٹ ریلوے ملتان یوسف لغاری نے کہا ہے کہ ڈی ایس سپیشل کے ذریعے انسپکشن کا مقصد ریلوے کے سفرکومحفوظ بنانے کے لئے نقائص کی نشاندہی، آپریشنل شعبہ جات سے وابستہ افسران و سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور اس میں نکھار پیدا کرنا ہے، وہ لودھراں سے خانیوال تک ڈی ایس سپیشل کے ذریعے سیکشن کا سالانہ معائنہ کر رہے تھے، اس دوران مختلف اسٹیشنوں پر ناقص کارکردگی پر اسٹاف کی سرزنش جبکہ اچھی کارکردگی پر اسٹاف کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
اس دوران ڈی ایس ریلوے نے معائنے کے دوران ریلوے ٹریک، ٹریک گیج، ٹریک الائنمنٹ، ٹریک کروز ( curves) کو چیک کیا گیا، جبکہ ریلوے لیول کراسنگ گیٹس سمیت سٹیشن کی عمارتوں کے معائنے کئے، ڈی ایس ریلوے ملتان نے مختلف سٹیشنوں پر روشنی کے انتظامات، پنکھے، پینے کیلئے صاف پانی، بیٹھنے کیلئے بنچز، ویٹنگ ایریاز، صفائی ستھرائی سمیت مسافروں کیلئے سٹیشنوں پر دستیاب دیگر سہولتوں کا بھی جائزہ لیا، اسٹیشن ریکارڈ، اسٹیشنوں کی آمدن اور سیکشن پر ٹرین سروس کے معیار کو بھی چیک کیا گیا۔
ٹرین آپریشن سیفٹی کے حوالے سے ڈی ایس ریلوے ملتان یوسف لغاری نے افسران و عملے سے سوالات کیے اور کہا کہ ٹرین آپریشن محفوظ بنانے کیلئے سیفٹی اصولوں کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے ملتان یوسف لغاری نے تمام متعلقہ افسران کو صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی، ڈی ایس ریلوے ملتان نے دوران انسپیکشن ا سٹیشن ماسٹرز سے ٹرین آپریشن سے متعلق خصوصی آپریشنل دستاویزات اور محفوظ ٹرین آپریشن پر بھی سوالات کیے، اس موقع پر ڈویژنل افسران ہمراہ تھے۔