ریجنل ایگریکلچر فورم برائے ساؤتھ پنجاب کی چوتھی میٹنگ کا انعقاد

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی سربراہی میں گورنمنٹ پنجاب ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے قائم کردہ ریجنل ایگریکلچر فورم برائے ساؤتھ پنجاب کی چوتھی میٹنگ کاا نعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی سمیت تمام ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
اس فورم کا بنیادی مقصد زرعی شعبے کی ترقی کے لیے موثر تعاون اور علم کی منتقلی کو فروغ دیناہےتاکہ جنوبی پنجاب میں زراعت کی تعلیم، تحقیق، توسیع اور دیگر خدمات کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز زرعی یونیورسٹی ملتان کے ساتھ مل کر ایک پیشہ ورانہ، فعال، اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کا ماحول بنانے کے لیے ایگریکلچر کمپلیکس کو بہتر بنانے کا کام کریں۔
کمپلیکس کے اندر تمام دستیاب وسائل (زمین، پانی، مشینری، لیبارٹریز) کی انوینٹری اور ممبر اداروں کے درمیان ان کے موثر اور مشترکہ استعمال کے لیے ایک واضح طریقہ کار قائم کریں۔
میٹنگ میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا اور مرکزی ڈیٹا ہب پر بات چیت کی گئی، مزید برآں پیسٹ فورکاسٹنگ ماڈلنگ ، زرعی مشینوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا اور معیاری زرعی مشینوں کی صنعت کو فروغ دینا ، آئی ٹی کے اجتماعی نظام کی ترویج، ٹنل فارمنگ کے لیئے دستیاب وسائل، پودوں کی بیماری کے تشخیصی نظام کی تعمیر، فورم کے اراکین کے لیے آفیشل ای میل، ایگریکلچر کمپلیکس ڈیش بورڈ ڈیٹا وغیرہ جیسے ایجنڈا پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب سرفراز حسین مگسی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق چٹھہ ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی ،ڈاکٹر شفیق پتافی، آصف مجید، خالد کھوکھر، سید حسن رضا ،جہاں زیب دھرالہ ،ڈی جی زراعت توسیع، پنجاب ڈی جی انفارمیشن پنجاب سمیت دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔




















