صائم ایوب کے لندن میں سیر سپاٹے؛ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل، صارفین پھٹ پڑے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر بلے باز صائم ایوب، جو کہ حالیہ انجری کے سبب پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے تھے، لندن میں اپنے ریہیبلیٹیشن کے دوران سیر سپاٹے کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔ لندن کی سڑکوں پر صائم ایوب دیگر افراد کے ساتھ ٹہلتے ہوئے دکھائی دیے، اور سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔
ان ویڈیوز میں صائم ایوب معروف شوبز شخصیات جیسے اداکارہ ہانیہ عامر، کشف اور دیگر ٹک ٹاکرز کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیوز میں وہ ماحول کو انجوائے کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ اداکارائیں اور ٹک ٹاکرز ان کی شخصیت کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے ساتھ ویڈیوز بنا رہی ہیں۔
ان ویڈیوز کے منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تحفظات کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں صائم ایوب کو مستقبل میں "ہنی ٹریپ” کا شکار بنا سکتی ہیں۔ صارفین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ صائم ایوب کی شخصیت کو متنازعہ ہونے سے بچائیں تاکہ وہ اپنی ریہیبلیٹیشن مکمل کرنے کے بعد جلد از جلد پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپس آ سکیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ اس وقت جب صائم ایوب کرکٹ کی دنیا میں ایک ابھرتے ہوئے ستارے ہیں، پی سی بی کو ان کے بیرون ملک وقت اور سرگرمیوں پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ ان کی کرکٹ کیرئر کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہ ہو۔
صائم ایوب کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔