واسا، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور ٹھیکیدار ان کی نااہلی؛ ڈیلی ویجز و دیگر ملازمین، سینٹری ورکرز و سٹاف 2ماہ سے تنخواہوں سے محروم

ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ریگولر اور ڈیلی ویجز و دیگر ملازمین سینٹری ورکرز سٹاف 2ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہے ، جس کی وجہ سے ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقوں تک آ پہنچی ہے، متاثرہ ملازمین نے فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تمام ملازمین سمیت مجموعی طور پر 2200 سے زائد ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں ، بروقت تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین کے گھروں میں فاقے ہیں اور بعض ملازمین کے بجلی، گیس کے کنکشن بھی عدم ادائیگی پر کٹ چکے ہیں۔
متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ اور ٹھیکیداروں نے انہیں تنخواہیں دینے کی بجائے بھاری رقوم اکاؤنٹ میں رکھ کر منافع کی رقم ہڑپ کر رہے ہیں۔
ملازمین نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈی سی ملتان ،کمشنر ملتان، سی سی او عبدالزاق ڈوگر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے آہندہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ، بصورت دیگر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔




















