"کتاب گاڑی” چل رہی ہے

محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے جھگی نشین اور خانہ بدوش بچوں کو "کتاب گاڑی” کے ذریعے کتب بینی سے روشناس کرانے کا سلسلہ جاری۔ موبائل لائبریری کا منصوبہ پلے گروپ اور نرسری جماعت کے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹوں اور خوشیوں کے ساتھ ساتھ علم کے فروغ اور نت نئے آئیڈیاز کا ذریعہ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام ملتان کے جھگی نشین اور خانہ بدوش بچوں کو "کتاب گاڑی” کے ذریعے کتب بینی اور نت نئی معلومات سے روشناس کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ روز "کتاب گاڑی” کے ذریعے ملتان میں پاک مائی قبرستان نزد شاہی مسجد توتلاں والی، بستی طرف ڈیرہ سمیت مختلف مقامات پر 30 بچوں کے لیے آگہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر "کتاب گاڑی” کے منتظمین نے ننھے منے بچوں کو کہانی گوئی، مصوری، کتب بینی اور مختلف تفریحی گیمز کے ذریعے ن کے چہروں پر مسکراہٹ کا سامان کیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ "کتاب گاڑی” کے ذریعے زیادہ سے زیادہ بچوں کو موبائل لائبریری کی طرف راغب کرنا کے انہیں تفریح، تعلیم و تربیت اور کتب بینی کے جذبے سے حقیقی معنوں میں روشناس کرائے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔