سکولوں کو سیلاب سے بچانے کےلئے اقدامات کرنے کا حکم

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ مون مون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں بہتر حکمت عملی اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بچانے کے لیے قبل از وقت اقدامات اٹھائے جائیں، اور متعلقہ ضلعی حکام کے ساتھ کوارڈی نیشن کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے۔
وہ گزشتہ روز ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہنگامی تیاریوں کی صورت حال، ریسپانس پلان اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے جائزے کے لیے قائم ایجوکیشن سیکٹر ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہرالحق، محمد فیصل شہزاد اور سیف الرحمان خان کے علاوہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب، محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن پنجاب، محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب، محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب اور یونی سیف کے حکام، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سی ای اوز ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز ریسکیو 1122، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور آفت زدہ علاقوں میں سکولوں کی بحالی اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے تاریخ کے بد ترین سیلاب و مون سون کی خطرناک تباہ کن بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سکولوں کا انفراسٹرکچر تہس نہس ہو گیا تھا ، جب کہ کئی سکولوں کی عمارتیں ملیامیٹ ہو گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کلائمیٹ کی تبدیلی کے بعد قدرتی آفات بڑھتی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے نکتے کو ذہن میں رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن سیلاب زدہ سکولوں میں ڈیزاسٹر رسک میں کمی کی پالیسیوں اور حکمت عملیوں کا اطلاق ہے تاکہ نئے آفات کے خطرے کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے دوران آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے اہداف اور مخصوص مقاصد کا فوری تعین کیا جائے۔
اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال سیلاب سے ضلع ڈیرہ غازی خان کے 46 سکولوں کو مکمل اور 325 سکولوں کو جزوی نقصان پہنچا تھا ، جب کہ ضلع راجن پور میں 12 سکول مکمل اور 528 سکول جزوی تباہ حالی کا شکار ہوئے تھے۔
متاثرہ سکولوں کی بحالی، سروے اور نقصانات کے تخمینے کے ساتھ ساتھ ابتدائی کیمپنگ اور آباد کاری کے لیے محکمہ تعلیم کے ضلعی دفاتر نے بھرپور کردار ادا کیا، جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ سکولوں کی بحالی کا پلان مرتب کرنے کے لیے ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا تھا۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں بین الاقوامی ادارہ یونی سیف اور دیگر فلاحی تنظیموں کا اہم کردار رہا۔