ملتان کے سکولوں میں 20 ہزار پودے لگانے کا فیصلہ

ضلع کے تمام سکولوں میں 21 مارچ کو ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے، سکول سربراہان کو ہدایات جاری کردی گئیں۔
اس حوالے سے سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ 21 مارچ کو ورلڈ فاریسٹ ڈے منایا جارہا ہے، اس موقع پر ضلع کے تمام پرائمری ، مڈل اور ہائی سکولوں میں پودے لگائے جائیں گے، پرائمری سکول میں 10،مڈل 50 اور ہائی سکولوں کے لئے 50 پودوں کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے اور سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ پودوں پر پلانٹ فار پاکستان کا ٹیگ لازمی لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام درخت سایہ دار ہونگے، جن میں کیکر بکائن وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگایا صدقہ جاریہ ہے اور جنگلات سے انسانی زندگی ہے۔
آکسیجن ہے تو زندگی ہے۔ کاغذ، لکڑی کیلئے جنگلات ضروری ہیں، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ ،وبائی امراض سے بچاؤ، مستحکم معیشت کیلئے بھی جنگلات کا سرسبز و شاداب رہنا نہایت ضروری ہے۔