سکول ہاکی لیگ : سیمی فائنل مکمل، فائنل ملتوی کردیا گیا
سکول ہاکی لیگ کا سیمی فائنل مرحلہ بہاول پور ڈویژن کے نام، گرلز و بوائز مقابلوں میں بہاول پور کے نواب، بہاول نگر کے برق رفتار اور رحیم یار خان کے یاران ملتان، لیہ اور خانیوال کو پچھاڑ کر فائنل میں پہنچ گئے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ سکول ہاکی لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں بہاول پور نواب اور ملتان مشاق کی گرلز ٹیموں کے مابین ہونے والا میچ ایک کے مقابلے میں چار گول سے بہاول پور نواب کی ٹیم نے جیت لیا۔
ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہ گرلز ہاکی لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں فاتح ٹیم کی طرف سے نایاب شاہد نے دو، کنزہ پروین اور روبیشہ پروین نے ایک ایک گول کیے۔
گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول مون لائیٹ ملتان میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں بہاول نگر برق رفتار کی گرلز ٹیم نے لیہ لجپال کو صفر کے مقابلے تین گول سے شکست دے دی۔
فاتح ٹیم کی طرف سے سبرا لیاقت نے دو جب کہ راحیلہ نے ایک گول کیا۔
سکول ہاکی لیگ کی بوائز ٹیموں کے سیمی فائنل مقابلوں میں ملتان مشاق اور بہاول پور نواب کے درمیان ہونے والا میچ صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے بہاول پور نواب کی ٹیم نے جیت لیا۔
ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہ میچ میں فاتح ٹیم کی طرف سے صہیب، حنان، شاہ زیب، دانیال اور زبیر نے ایک ایک گول کیا۔
گورنمنٹ ہائی سکول جامعہ العلوم ملتان میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں رحیم یارخان یاران نے خانیوال خطرناک کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
رحیم یارخان یاران کی طرف سے دائود، علی رضا، عمیر خالد اور احمد نور نے ایک ایک گول کیا۔
دریں اثنا محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام سکول ہاکی لیگ (سیزن-2) میں گرلز و بوائز ٹیموں کے آج ہونے والے فائنل میچز کو ملتوی کر دیا گیا۔
بہاول پور نواب اور بہاول نگر برق رفتار کی گرلز ٹیموں اور بہاول پور نواب اور رحیم یارخان یاران کی بوائز ٹیموں کے درمیان فائنل میچز آج بروز سوموار ملتان میں منعقد ہونے تھے ، جو ملتوی کر دیے گئے۔
البتہ گرلز ہاکی لیگ کا تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے میچ ملتان مشاق اور لیہ لجپال کے درمیان آج گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول مون لائیٹ ملتان میں جب کہ بوائز ہاکی لیگ کا تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے میچ ملتان مشاق اور خانیوال خطرناک کے مابین آج ہی کے روز گورنمنٹ ہائی سکول جامعہ العلوم ملتان میں کھیلا جائے گا۔