سکول مینجمنٹ کونسل (SMC) پالیسی 2024 کی منظوری دے دی گئی

تعلیمی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مضبوط بنانے کے لیے سکول مینجمنٹ کونسل (SMC) پالیسی 2024 کی منظوری پنجاب حکومت نے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت سکول مینجمنٹ کونسل (SMC) پالیسی 2024 کی منظوری دے دی ہے۔
اس پالیسی کی باضابطہ منظوری وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔
کابینہ کے فیصلے کے مطابق ایس ایم سی پالیسی 2024 کو پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا، جبکہ محکمہ سکول ایجوکیشن جلد ہی اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
حکام کے مطابق نئی پالیسی کے تحت اسکولوں کے انتظامی فریم ورک کو مضبوط بنایا گیا ہے، جس سے اسکول کی سطح پر شفافیت، یکسانیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی میں مالی اور انتظامی نگرانی، فنڈز کے درست استعمال، فیصلہ سازی اور انتظامی امور کی مانیٹرنگ کے لیے واضح اور مؤثر اصول متعارف کرائے گئے ہیں۔
اس اقدام سے بے ضابطگیوں میں کمی، غیر ضروری تاخیر کے خاتمے اور اسکول کی سطح پر چھوٹے مگر اہم انتظامی فیصلوں کو بروقت کرنے میں مدد ملے گی۔پالیسی کے نفاذ کے بعد اسکول بنیادی ڈھانچے، صفائی ستھرائی، فرنیچر اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی زیادہ تیزی سے ممکن ہو سکے گی۔ ذمہ داریوں کی واضح تقسیم سے کارکردگی کی جانچ کا عمل بھی مؤثر ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری اسکول اب ایک ہی معیاری پالیسی کے تحت کام کریں گے، جس سے مجموعی طور پر تعلیمی نتائج بہتر ہونے کی توقع ہے۔
مزید برآں بہتر انتظام اور وسائل کے مؤثر استعمال سے اساتذہ پر انتظامی بوجھ کم ہوگا اور وہ تدریسی و تعلیمی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دے سکیں گے۔


















