Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

سکولز اولمپکس اختتام پذیر ہوگئے

محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام منعقد ہ سکولمپکس گیمز2022ء کی اختتامی تقریب تعلیمی بورڈ ملتان کے سپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کی جب کہ تقریب کے مہمان خصوصی تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر عون عباس بپی تھے۔

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی، سلیم اختر لابر اور واصف مظہر راں ، ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، آغا ظہیر عباس شیرازی، طارق محمود اعوان اور انصر کمال سیال، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق، شاہد ملک، فیصل شہزاد، جام آفتاب حسین ، ڈی پی آئی (کالجز) جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف، ڈی پی آئی (سکینڈری) زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال اور جنوبی پنجاب کے سی ای اوز ایجوکیشن سمیت، دیگر تعلیمی افسران، طلباء و طالبات ، کھلاڑیوں، اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ کھیل توانا،تندرست،فعال رکھنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا بڑا ذریعہ بھی ہیں، گو نا گوں مصروفیات کے باعث دنیا کا ہر فرد میدانوں میں کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے دور ہوکر سمارٹ اینڈرائیڈ موبائل کا گرویدہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ سکول اولمپکس اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد مقابلہ جات کا انوکھا مجموعہ تھا جو بین الاقوامی اولمپکس کی طرز پر سجایا گیا، جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور جنوبی پنجاب کے11اضلاع سے سینکڑوں کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں جیت کی امنگ، مدمقابل کو پچھاڑنے،اپنی صلاحیتوں،طاقت اورمہارتوں کو آزمانے، سونے، چاندی، کانسی کے تمغوں کے حصول کیلئے تگ و دو کی۔

سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اتنے بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا،اب یہ اولمپکس آنے والے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ،ٹرانس جینڈر سکول،سکول کونسلز،روشنی میگزین،قومی کھیل ہاکی کی نرسری کے بعد اب سکول اولمپکس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

سینیٹر عون عباس بپی نے تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرہ صحت مندانہ سرگرمیوں سے ہی وجود میں آتا ہے، سکول اولمپکس جنوبی پنجاب کے طلباوطالبات میں اچھی عادات،مثبت سوچ،قوت برداشت، ڈسپلن کے فروغ اور تفریح کے مواقع پیدا کرنے کی ابتداء ہے۔

یہ مقابلہ جات پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں شعور بیداری کا موجب بنیں گے، ایم پی اے محمد ندیم قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں بھرپور صحت مند و توانا زندگی کے لیے خود کو میدانوں میں کھیلوں سے منسلک رکھنا ہوگا،اسی میں ہی ہماری بقا پوشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سکول اولمپکس کے مقابلے مختلف اداروں میں شیڈول کے مطابق منظم انداز میں جاری رہے، کھلاڑی طلبا وطالبات اپنا اور اپنے ادارے،ضلع کے نام روشن کرنے کیے لیے اپنی صلاحیتوں، مہارتوں کا لوہا منواتے رہے،کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ہم صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

ایم پی اے سلیم اختر لابر نے کہا کہ شعبہ زندگی میں کھیلوں کی روایت کے احیاء،نظم وضبط،سپورٹس مین سپرٹ اورصحت مندانہ ایونٹس کو فروغ دینا وقت کا بڑا تقاضا ہے، انہوں نے کہا سکولمپکس جیسے ایونٹس پہلے صرف بڑے شہروں میں ہوتے تھے۔

کھیلوں کے اس بڑے مقابلوں سے جنوبی پنجاب کے طلباء و طالبات فخر کے ساتھ کھیل کے قومی مقابلوں میں برابری کے طور پر شرکت کر سکیں گے۔

ایم پی اے واصف مظہر راں نے تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولز تعلیم کے ساتھ کھیل میں بھی کسی سے کم نہیں ہیں، حکومت پنجاب کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے ایسے مواقع فراہم کرتی رہے گی،حوصلے اور ہمت سے مشکلات سے لڑنا کھلاڑی طلبا و طالبات کا شیوہ ہوتا ہے۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سمارٹ اینڈرائیڈ فون نے نئی نسل کو ہماری روایات، اقدار اور اخلاقیات سے دور کردیا ہے،ہمارے کھلاڑی حدود وقیود کا خیال رکھتے ہوئے کھیل میں بھی آگے بڑھیں،مواقعوں سے فائدہ اٹھاکرملک وقوم کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ سکولمپکس کی میزبانی پر ملتان کوفخر ہے،ملتان کے اس کامیاب سپورٹس ایونٹ سے آنے والی تبدیلی اب یہاں سے پورے ملک میں پہنچے گی۔

اختتامی تقریب میں سکولمپکس گیمز میں بہترین کاکردگی پر جنوبی پنجاب کے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور آئندہ سال کے لیے سکول اولمپیکس کا پرچم ضلع بہاول پور کے حوالے کیا گیا۔

اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کی خوشیاں قابل دید تھیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button