زرعی یونیورسٹی میں سات روزہ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ کے پندرویں سیشن کا آغاز

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سات روزہ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ کے پندرویں سیشن کا آغاز ہو گیا۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ طلباء و طالبات کے لیے یہ ورکشاپ نہ صرف تحقیقی مقالہ جات لکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ اس ٹریننگ کو برُوئے کار لا کر مستقبل میں مختلف سائنسی مسائل بھی حل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں اپنی سکلز کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر گریجویٹ سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر ناصر ندیم نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف گریجویٹ سٹڈیز طلباء و طالبات کی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی طرف مسلسل کام کر رہا ہے۔ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس سات روزہ ٹریننگ میں 16 فیکلٹی ممبرز طلبا و طالبات کو ریسرچ اور پروجیکٹ رائٹنگ کے حوالے سے پریکٹیکل ٹریننگ دیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف آؤٹ ریچ ڈاکٹر رانا بنیامین, فوکل پرسن سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ ڈاکٹر فواد ظفر، لیکچرار مس ایمن بتول اور ٹریننگ میں شرکت کرنے والے 37 طلباء و طالبات موجود تھے۔