بجلی چوری میں ملوث ایس ڈی او معطل، چور کو تین کروڑجرمانے کا فیصلہ
ملتان :۔
میپکو ممتاز آباد سب ڈویژن کے علاقے میں ڈھلائی کی فیکٹری(فاؤنڈری)میں کروڑوں روپے کی بجلی چوری کا کیس سامنے آنے کا معاملہ ڈویژن تک پہنچ گیا۔
میپکو انتظامیہ نے ایس ڈی او ممتازآباد سب ڈویژن کو غفلت برتنے کے الزام میں معطل کردیا، بجلی چور کو 3کروڑ روپے جرمانہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا کے۔
بتایا گیا ہے کہ ایم اینڈ ٹی کے ٹیسٹ انسپکٹر عمانویل کھوکھر نے بجلی چوری کے اس بڑے کیس کا سراغ لگایا، جس پر میپکو کی اعلی ٰ سطحی ٹیم نے بہاولپور روڈ کے علاقے میں چھاپہ مار کر فاؤنڈری میں بی ٹو کنکشن میں ریمورٹ کنٹرول سسٹم کے ذریعے بڑے پیمانے پر بجلی کی چوری پکڑ لی۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کافی عرصے سے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔
سب ڈویژن کے ذمہ دار آفیسر اس کی ماہانہ ریڈنگ و چیکنگ کی ذمہ داری سے مبرّا تھے ، اور مبینہ طور پر منتھلی لی جا رہی تھی ۔
لیکن یہ بات طے تھی کہ ڈھلائی کی اس فیکٹری کو اگر کسی ایجنسی نے چیک کیا تو پھر متعلقہ آفیسر کی ذمہ داری نہیں ہوگی اور فیکٹری مالکان ان کا نام بھی نہیں لیں گے۔
مبینہ طورپرمنتھلی کی وصولی کیلئے سب ڈویژن کا ایک اہلکارجاتاتھا۔
جنرل منیجر سی ایس ڈی میپکو نے ایس ڈی او ممتاز آباد سب ڈویژن اکرم ارائیں کو معطل کردیا ہے ، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس حوالے سے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
اس بارے میں رابطہ کرنے پر میپکو حکام نے موقف میں بتایاکہ یہ ہائی پروفائل کیس ہے، تقریباً 3کروڑ روپے جرمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی حتمی منظوری چیف ایگزیکٹو آفیسر دیں گے۔