Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سکولوں میں بچوں کو کرنٹ لگنے کے واقعات : سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا سخت نوٹس

سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے ضلع خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے بعض سکولوں میں بچوں کو کرنٹ لگنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی آئی (سکینڈری) زاہدہ بتول کو وہاڑی، ایڈیشنل ڈی پی آئی (سکینڈری) شوکت شیروانی کو لودھراں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر (ایلیمنٹری) ملتان ڈویژن میڈم تسلیم کو فوری طور پر خانیوال میں مذکورہ سکولوں کا دورہ کر کے جائزہ لینے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے 24 گھنٹے میں مفصل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اس کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکے۔

سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے تناظر میں سکولوں میں بجلی کی تاروں اور دیگر تنصیبات کی ازسر نو جانچ کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

اس کے علاوہ ضلع لیہ کے علاقے کوٹ سلطان میں گزشتہ روز ٹریفک حادثے کے نتیجے میں نجی سکول کے 2 بچے اور 4 بچیاں شدید زخمی ہو گئے۔

سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر سکینڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان فرحت نسرین سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

سیکرٹری ایجوکیشن نے اس واقعہ کے تناظر میں سکولوں کے باہر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ نجی و سرکاری سکولوں میں ہونے والے حفاظتی انتظامات کی جانچ پڑتال کی جائے ، اور موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

دریں اثناء مظفر گڑھ کے یونیورسل سکول ارم باغ کی چھت گرنے سے 14 بچے زخمی ہونے کے واقعہ پر ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال نے سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔

ملتان : ممتاز آباد سکول میں بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا

پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سکول میں چھت گرنے کے واقعے میں پرائمری کلاسز کے 14 بچے معمولی زخمی ہوئے، جنھیں ریسکیو 1122 کی مدد سے فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفر گڑھ میں منتقل کر دیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

سیکرٹری ایجوکیشن کے حکم پر ڈی پی آئی ایلیمنٹری نے سکول کا دورہ کر کے متاثرہ بلڈنگ کا جائزہ لیا۔

سکول کو فوری طور پر سربمہر کر دیا گیا ہے جب کہ پرنسپل کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے بھی متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

بعد ازاں ڈی پی آئی ایلیمنٹری نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جا کر زخمی بچوں کی عیادت کی ، اور ان سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔

سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق مذکورہ سکول کی پہلی رجسٹریشن 12 دسمبر 2018ء کو ہوئی، جس کی معیاد 31 مارچ 2021ء کو ختم ہو گئی تھی۔ سکول کا بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ ایف کے ایس کنسٹریکشن کمپنی ملتان کی طرف سے 19 جون 2018ء کو جاری کیا گیا تھا ، جس کی معیاد 31 مئی 2020ء کو ختم ہو چکی تھی۔

دوسری مرتبہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ ایس اینڈ ایس کنسٹریکشن کمپنی ڈیرہ غازی خان کی طرف سے 20 اپریل 2021ء کو جاری کیا گیا ،جس کی معیاد بھی رواں سال 18 اپریل کو اختتام پذیر ہو چکی تھی۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ سکول کی طرف سے ای لائسنس کے حصول کے لیے 20 نومبر 2021ء کو آن لائن درخواست بھی بھیجی گئی تھی، جس کی بلڈنگ پلان (میپ) نہ ہونے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفر گڑھ نے منظوری نہیں دی تھی۔

دریں اثناء سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سختی قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے تناظر میں نجی و سرکاری سکولوں کا دورہ کر کے عمارتوں اور چھتوں کا جائزہ لیا جائے، سکولوں کی منٹیننس، چھتوں کی لپائی اور دیواروں کی فوری مرمت کروائی جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button