انٹر کے امتحانات کےلئے کنٹرول روم ، آن لائن مانیٹرنگ کےلئے ایپ تیار

تعلیمی بورڈ ملتان نے انٹر کے امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلیں۔
اس سلسلے میں چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم،سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی،ڈی پی آئی ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر فرید شریف اور کنٹرولر حامد سعید بھٹی نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور جاوید اختر محمود کا بورڈ آفس آ مد پر استقبال کیا۔
بعد ازاں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی زیر صدارت چیئرمین آ فس میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2023ء کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین بورڈ حافظ محمد قاسم، سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی ،ڈی پی آئی ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر فرید شریف ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ،کنٹرولر امتحانات حامد سعید بھٹی کے علاوہ جملہ آفیسران بورڈ نے شرکت کی۔
چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو جاری انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2023ء کے بہترین انعقاد سے متعلق کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی آ گاہ کیا۔
سیکرٹری بورڈ،خرم شہزاد قریشی نے مذکورہ امتحان کے فول پروف انعقاد سے متعلق بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ امتحان کی مانیٹرنگ اور شفاف انعقاد کیلئے ضلعی سطح پر اور بورڈ ہذا میں سنٹرل کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، سوالیہ پرچہ جات کی بینکوں سے امتحانی مراکز تک بحفاظت ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے آ ن لائن ڈیجیٹل مانیٹرنگ ایپ کے ذریعے بروقت انفارمیشن/ معلومات کے حصول کیلئے کنٹرول رومز کا عملہ مستعدی سے کام کررہا ہے۔
علاوہ ازیں نقل کے رجحان کے خاتمے کیلئے موبائل انسپکٹرز اور اسپیشل انسپکشن سکواڈ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ،پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے منفی عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بورڈ انتظامیہ کی طرف سے امتحان کے شفاف اور بہترین انعقاد سے متعلق کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جملہ آفیسران بورڈ کو تاکید کی کہ امتحان کے شفاف اور بہترین انعقاد کو ہرصورت یقینی بنائیں ۔