نوجوانوں کو بدلتے وقت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کریں : سیکرٹری ایچ ای ڈی جنوبی پنجاب

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا بڑی تیزی سے کروٹیں بدل رہی ہے ، جو ہم سے نئے ترجیحات اور نئے اہداف کے حصول کے لیے غیر معمولی حکمت عملی بنانے کا تقاضہ کر رہا ہے ، اور اس حوالے سے ہائیر ایجوکیشن نئی ترجیحات میں اولین حیثیت رکھتی ہے۔
وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی طرف سے شروع کیے گئے نئے انیشی ایٹیوز کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز عطاءالحق، طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر عظیم قریشی، محمد شاہد ملک، ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف اور دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔
محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم نوجوانوں کو بدلتے وقت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کالجز تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت، کھیل اور علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک جامع روڈ میپ مرتب کریں، تاکہ اہداف اور ترجیحات کا واضح تعین کر کے عمل درآمد کو ممکن بنایا جا سکے۔