Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سیکرٹری ایچ ای ڈی جنوبی پنجاب کا نجی و سرکاری کالجز میں منشیات کی روک تھام کے لیے سخت لائحہ عمل بنانے کا حکم

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے بہاول پور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء کی طرف سے منشیات کے استعمال اور سگریٹ نوشی کی مسلسل شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی آئی (کالجز) جنوبی پنجاب کو روک تھام کے لیے سخت لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاول پور کے سیکرٹری راؤ شمشاد علی اور کنٹرولر امتحانات اسماء قاسم کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ سرکاری و نجی کالجز کے سربراہان سے اپنے تعلیمی اداروں کو سموک فری ایریا قرار دینے کا سرٹیفیکیٹ طلب کیا جائے، اور انسپکشن کر کے جانچ پڑتال کی جائے۔

انہوں نے سیکرٹری تعلیمی بورڈ بہاول پور کو ہدایت کی کہ بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی شکایات پر ان کا الحاق ختم کیا جائے، اور رجسٹریشن منسوخ کرائی جائے۔

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ تعلیمی بورڈز گزشتہ تین سال کے امتحانی نتائج کی تقابلی رپورٹ سکول اور کالج کی سطح پر بھجیں تاکہ ہر سکول اور کالج کے نتائج میں کارکردگی کا اندازہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز شکایات کے ازالے کے لیے واٹس ایپ کمپلینٹ سسٹم وضع کریں تاکہ طلبہ کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے نجی مارکنگ سنٹرز ختم کرنے اور امتحانی سنٹروں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب و مانیٹرنگ کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات دیں۔

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ ضروری قانونی اور انتظامی معاملات کو حل کر کے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو مکمل طور پر فنکشنل کر دیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے عوام کو ایک بڑا ریلیف ملا ہے۔

رولز آف بزنس کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈز ممبران میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے افسران کو شامل کیا جائے۔

اجلاس میں پنجاب رولز آف بزنس کے تحت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کو دیے گئے اختیارات کے تناظر میں موثر رابطہ سازی پر اتفاق کیا گیا، اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔

قبل ازیں اجلاس میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ بہاول پور راؤ شمشاد علی نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو بہاول پور بورڈ کے معاملات پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عظیم قریشی اور ڈی پی آئی (کالجز) ڈاکٹر فرید شریف سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button