علم کے نور سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ کریں گے: سیکرٹری سکولز
سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر وٹو نے کہا ہے کہ علم کے نور سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ کریں گے، انشاء اللہ 2025ء پاکستان میں تعلیمی انقلاب کا سال ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے ویژن کی روشنی میں نئی تعلیمی اصلاحات سے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ممتاز ماہر تعلیم و سینئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد سے ملاقات میں کیا، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سائوتھ پنجاب خواجہ مظہر الحق ، سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ اور دیگر موجود تھے۔
میاں نعیم ارشد نے معزز مہمان سیکرٹری سکولز ایجوکیشن خالد نذیر وٹو کو سرائکی اجرک بھی پہنائی، انہوں نے مزید کہا کہ ملتان دنیا کا ایک قدیم شہر ہے ۔ ملتان دنیا بھرمیں اپنی قدیم تہذیب وثقافت، علم وہنر اور فنون لطیفہ کے حوالے سے اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے، لہٰذا اساتذہ کرام بچوں کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اپنے تہذیبی ورثہ اور اسلامی و نظریاتی اقدار سے روشناس کرائیں تاکہ نئی نسل میں جذبہ حب الوطنی کو اُجاگر کیا جاسکے۔