Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

بورڈز بچاؤ، سیکرٹری ایچ ای ڈی ہٹاؤ۔ ۔ ۔ تحریک شروع کرنے کا اعلان

سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کی اتھارٹی کو کنٹرول کرنے کا ایشو شدت اختیار کر گیا۔

ایمپلائز ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈز پنجاب نے بھرپور مزاحمت کا اعلان کرتے "ایجوکیشن بورڈز خودمختاری بچاؤ تحریک” سیکرٹری ایچ ای ڈی ہٹاؤ مہم چلانے کا اعلان کردیا۔

پنجاب ایجوکیشن بورڈز ایمپلائز ایسوسی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے قائدین نے مشترکہ اجلاس کے اختتام پر مرکزی چیئرمین ملک نثار احمد اور اگیگا پنجاب کے صدر خالد جاوید سنگھیڑا کی قیادت میں ہاتھوں کی زنجیر بنا کر تحریک کی کامیابی تک متحد رہنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

گزشتہ روز ملتان بورڈ کی میزبانی میں منعقدہ پنجاب بھر کے ایمپلائز عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس کے بعد جاری کیے گئے یک نکاتی مزاحمتی ایجنڈے کی آل پاکستان ایمپلائز ایسوسی ایشن(آگیگا )پنجاب نے بھی بھرپور حمایت کر دی۔

مرکزی چیئرمین ملک نثار احمد نیازی جنرل سیکرٹری ۔سردار محمد شبیر ڈوگر ، سابق صدر خالد جاوید نیازی اگیگا پنجاب کے صدر خالد جاوید سنگھیڑا نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کی پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کی ایمپلائز تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کو براہ راست کنٹرول کرنے کی کوشش کو ہر صورت ناکام بنا کر دم لیں گے۔

انہوں نے خدشہ کا اظہار کیا کہ موجودہ سیکرٹری ایچ ای ڈی پنجاب صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کی خودمختاری کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، بورڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز کے آن لائن اجلاسوں کے ذریعے تعلیمی بورڈز کی خودمختاری کو چیلنج کیا جارہا ہے، اور ان اجلاسوں کا ٹی اے/ ڈی اے جو بنیادی تنخواہ کے برابر ہے وصول کرلیا جاتا ہے، جس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز کے اثاثوں پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی مثال لاہور بورڈ کے چیئرمین سے زبردستی استعفیٰ لینا ہے، انہوں نے 67 کروڑ تزین و آرائش کےلئے دینے سے انکار کردیا تھا۔

حکومت کی نااہلی کی وجہ سے متعدد بورڈز کو کمشنر چلارہے ہیں، جن کی مدت ایک سال ہے مگر خلاف ایکٹ وہ کئی برسوں سے بورڈ کے معاملات چلارہے ہیں، جن پر آڈٹ اعتراضات اٹھانا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا ایجوکیشن بورڈز خودمختاری بچاؤ تحریک کے پہلے مرحلہ میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو بورڈز کی خودمختاری کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا، اگلے لائحہ عمل کا اعلان یوم آزادی 14 اگست کے بعد کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button