Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ویمن یونیورسٹی ملتان : پانچویں دو روزہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس شروع ہوگئی

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع تھا "نوجوان نسل کو درپیش فکری و سماجی چیلنجز اور سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں ان کا حل”۔ اس کانفرنس کا مقصد نوجوانوں کو درپیش فکری انتشار، معاشرتی الجھنوں اور اخلاقی زوال کے تناظر میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔

مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نےخطاب میں کہا کہ یہ کانفرنس ایک رسمی علمی اجتماع نہیں بلکہ ایک فکری و روحانی تحریک ہے اس کا مقصد ہی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اس روشن سر چشمہ ہدایت سے جوڑیں جس نے صدیوں سے انسانیت کو عزت وقار عدل اور توازن کی راہ دکھائی ہے۔

رسول اللہ کی ذات ہر عہد ہر قوم اور ہر تہذیب کے انسانوں کے لیے روشنی اور رہنمائی کا مینار ہے، آج نوجوان ایک ایسے عہد میں زندہ ہے جسے عصر تغیر وتلاطم کہا جا سکتا ہے ٹیکنالوجی ابلاغ اور گلوبلائزیش نے زندگی کے ہر گوشہ کو بدل کر رکھ دیا ہے، یہ ترقی جہاں سہولیات لائی ہے وہیں نوجوانوں کے ذہنوں میں فکری انتشار نظریاتی ابہام اور اخلاقی زوال اور روحانی خلا بھی پیدا کر گئی ہے، نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

آپ ﷺ نے ظلم و جہالت کے اندھیروں میں انسان کو علم، کردار اور انسانیت کی روشنی عطا کی آج کی نوجوان نسل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور مغربی فکر کی یلغار کے باعث فکری انتشار کا شکار ہے۔

اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگی کا عملی دستور بنائیں اس قسم کی کانفرنسز نہ صرف فکری تربیت کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ طلباء و طالبات کو اپنی مذہبی اور اخلاقی شناخت سے جوڑتی ہیں نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات خواتین کے لیے بھی ایک مضبوط رہنمائی فراہم کرتی ہیں ۔

یونیورسٹی مستقبل میں بھی سیرت النبی ﷺ اور اخلاقی تربیت سے متعلق لیکچرز، ورکشاپس اور تحقیقی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی تاکہ نئی نسل کو دین اسلام کی اعتدال پسند، علمی اور روشن تعلیمات سے روشناس کرایا جا سکے۔

ڈاکٹر عبدالقادر ہارون (اردن) نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ثابت کیا کہ علم و ایمان لازم و ملزوم ہیں۔ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سیرتِ نبوی ﷺ میں موجود علم، اخلاق کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

کانفرنس سے ڈاکٹر ابرار احمد ،ڈاکٹر زاہدہ ملک ڈاکٹر ضیاءالرحمن ، ڈاکٹر فیضان احمد ڈاکٹر عذرا پروین، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین ، احمد سعید ممتاز، ڈاکٹر سجیلا کوثر، ڈاکٹر عبدالقدوس، ڈاکٹر فریده یوسف، ڈاکٹر منّزہ حیات اور ڈاکٹر یاسر نے بھی خطاب کیا۔

کانفرنس میں مختلف مقررین نے تحقیقی مقالات پیش کیے جن میں "سیرت النبی ﷺ اور نوجوانوں کی فکری تربیت” کے موضوع پر روشنی ڈالی گئی۔

تقریب میں رجسٹرار، ڈاکٹر ثمینہ اختر، سابقہ رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان مختلف شعبہ جات کی چیئرپرسنز، فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طالبات نے شرکت کی، آج کانفرنس کا آخری دن ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button