Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا پنجاب حکومت کا انقلابی قدم :یاسمین راشد

صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صحت کارڈز کے ذریعے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا پنجاب حکومت کا انقلابی قدم ہے ،جس سے عام آدمی کو بھی صحت کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔

یہ بات انہوں نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن کے تمام شہریوں کے شناختی کارڈز کو صحت کارڈ کا درجہ دیدیا گیا ہے جس سے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک کی رقم حاصل ہو گی، جس سے وہ منتخب سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے مفت علاج معالجے کی سہولت حاصل کر سکے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ملتان ڈویژن کی شمولیت کے بعد پنجاب کے 81 فیصد خاندانوں کو صحت کارڈز سے مفت علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہو گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ اب تک7 لاکھ 63 ہزار ہزار سے زائد لوگ اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ ایک سروے میں 98 فیصد سے زائد لوگوں نے اس نظام اور طریقہ کار پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین اور جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے 700 سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو مختص کیا گیاہے۔

انہوں کہا کہ عوام کے پیسے کو پہلی بار عوام کی صحت اور خوشحالی پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی صحت ایپ سے تمام تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں جبکہ کسی شکایت کی صورت میں بھی ہیلپ لائن موجود ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سال ستمبر تک چار نئے ہسپتال فعال کر دئیے جائیں گے، جبکہ اگلے سال 7 نئے ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں۔ جس سے ہزاروں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نے کہا کہ نواز شریف وطن واپس نہیں آئیں گے کیوں کہ وہ وہاں ٹھنڈا موسم انجوائے کر رہے ہیں، اور انہیں پتہ ہے کہ واپس آنے پر انہیں جیل جانا پڑے گا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی میں شارٹ کورسز اور ڈپلومے کے اجراءکی منظوری دے دی ہے، جبکہ نشتر ایلومینائی نے 31 آپریشن تھیٹرز کے لئے فنڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال و یونیورسٹی کی بہتری کے لئے ایک ماسٹر پلان بھی تشکیل دیا جا رہا ہے، جس میں ضروری مرمت، تزئین و آرائش اور ایمرجنسی وارڈ کی بہتری اور اپ گریڈیشن شامل ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button