دوسرا سیون سائیڈ سپرنگ گالا ہاکی ایونٹ

سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا دوسرا سیون سائیڈ سپرنگ گالا ہاکی ایونٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اکیڈیمی ملتان نے نیشنل ہاکی کلب میلسی کو ہرا کر جیت لیا۔
تفصیل کے مطابق دی سٹیٹ آف آرٹ ملتان آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام دوسرا سیون سائیڈ سپرنگ گالا ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بارہ کلبوں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی معروف کاروباری شخصیت طارق سنجرانی تھے، ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ٹورنامنٹ سفیر حسین نقوی سیکرٹری ٹورنامنٹ خرم نقوی کوآرڈینیٹر نعمان علی پیٹرن انچیف چوہدری اشفاق بھی موجود تھے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی میں لیہ اور میلسی جبکہ دوسرا سیمی فائنل حیدر کلب میاں چنوں اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اکیڈیمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں نیشنل کلب میلسی اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
فائنل میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان ہاکی اکیڈیمی نے نیشنل کلب میلسی کو شکست دی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم تحصیل سپورٹس آفیسر ملتان صدر فاروق لطیف اور پیٹرن ان چیف چوہدری اشفاق تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے دونوں ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عدنان نعیم نے کہا کہ موسم بہار کے آغاز میں بچوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد بہت ضروری ہے، اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
فاروق لطیف نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان نے آسٹروٹرف سٹیڈیم کے قیام سے ہی ہاکی کے فروغ کے لیے کام شروع کردیا تھا تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے اس طرح کے ایونٹس قابل تعریف ہے، آخر میں دونوں ٹیموں کو ٹرافی اور کیش پرائز دیا گیا۔