”پتہ نہیں پرسوں سیاست میں ہوں گا یا نہیں“:شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پتہ نہیں پرسوں سیاست میں ہوں گا یا نہیں، میں پیر سے سیاست سے ریٹائر ہونا چاہتا تھا لیکن ضمیر نے عمران خان کا ساتھ چھوڑنا گوارا نہ کیا۔
راولپنڈی میں ایک یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے ذمے داروں سے کہتا ہوں کہ آگے بڑھیں، روزوں کے بعد نہ سہی حج کے بعد الیکشن کرائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں کل کا دن بہت اہم ہے، بعض چور لٹیرے ڈاکو سب عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں، میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، جو نسلی اور اصلی ہوتا ہے وہ امتحان کے وقت کھڑا ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ راولپنڈی شہر غداروں کو پسند نہیں کرتا، راولپنڈی شہر بکنے اور بکنے والوں کو پسند نہیں کرتا، ہر کابینہ میں شوگر مافیا اور گھی بلیک مارکیٹ والوں کا اثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان کو چھوڑوں گا تو میرا ضمیر گوارا نہیں کرے گا، باہر کی دنیا میں محل تعمیر کرنے والے آج عمران خان کے خلاف اکھٹے ہوگئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب بھی ہو جائے ان مرداروں سے کوئی شکست نہیں مانے گا، چوک اور چوراہے کی سیاست کی تو پنڈی کا بچہ بچہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ذمہ داران سے کہتا ہوں کہ دنیا میں بحران ہے، جغرافیائی طور پر 3 سپر پاورز کے ساتھ ہم منسلک ہیں، پاکستان کے سپر پاور سے کہتا ہوں کہ حج کے بعد الیکشن کا اعلان کریں، شفاف اور منصفانہ الیکشن ہوں جس میں لوگ اپنے نمائندے بھیجیں۔