سکولوں میں سموگ سے آگاہی بارے عالمی دن منایا گیا
محکمہ سکولز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سموگ سے آگاہی بارے عالمی دن منایاگیا، اس دن کی مناسبت سے سکولوں میں سیمنار اورواک منعقد کی گئی۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سکولز نے تمام سی ای اوز کو مراسلہ ارسال کیا تھا کہ 15 اکتوبر کو ڈینگی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس لئے تمام سکولوں میں سرگرمیاں منعقدکرکے اس کی تصاویر شیئر کریں۔
جس پر ملتان میں سب سے بڑی تقریب گورنمنٹ سمرا پبلک ہائی سکول ملتان میں منعقد کی گئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انچارج ہیڈ ماسٹر ہاشم خان نے کہا کہ سموگ ایک عالمی ماحولیاتی گھمبھیر مسئلہ ہے، سموگ پر قابو پانے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے دھوئیں کو روکنا ہوگازیادہ سے زیادہ درخت لگا کر دنیا کو انسانوں کے رہنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
دکاندار اور گھروں کے مکین اپنے گھروں اور دکانوں کا کوڑا کرکٹ سڑکوں اور گلیوں میں ہرگز نہ ڈالیں بلکہ ڈست بن کو رواج دے کر ماحول کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، بلدیہ سڑکوں پر صبح شام باقاعدہ پانی کا چھڑکاؤ کرے گردو غبار اور دھوئیں پر قابو پا کر ہم سموگ کو کم سے کم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
کسان کسی بھی حال میں اپنے فصلوں کے باقیات کو کھیتوں میں نہ جلائیں، دنیا میں روز بروز بڑھتی ہوئی سانس کی بیماریاں ہماری طرز معاشرت اور صحت کے نظام ہائے پر سوالیہ نشان ہیں؟ سموگ عالمی انسانی مسئلہ ہے اس پر اقوام متحدہ کو بھرپور اقدامات اٹھانے چاہیں۔
بعد ازں بچوں نے سموگ کے بارے میں پوسٹرز کی نمائش کی۔