T 20 کرکٹ سیریز : جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم ملتان پہنچ گئی، سیکورٹی نے سٹیڈیم کا چارج سنبھال لیا
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی وومنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کیلئے ملتان سٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
دنیا کے دلکش ترین کرکٹ میدانوں میں شمار ہونیوالے ملتان سٹیڈیم کی دلکشی میں مزید اضافہ کیلئے تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے بعد جنوبی افریقہ کی وومنز کرکٹ ٹیم بھی ملتان پہنچ گئی، مہمان ٹیم اپنے ملک کے شہر جوہانسبرگ سے پہلے لاہور پہنچی اور لاہور سے چارٹرڈ طیارہ کے ذریعے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو ملتان لایا گیا۔
ملتان کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ابدالی روڈ پر واقع ہوٹل میں پہنچانے کیلئے ہائی الرٹ سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، ہوٹل پہنچنے پر پر تپاک استقبال کیا گیا اور ہوٹل کی لابی میں مشروبات سے تواضع کی گئی اور گلدستے پیش کیے گئے۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹرز نے طویل سفر کی تھکان اتارنے کیلئے ہوٹل میں آرام کیا اور ہفتہ بھر سے ملتان میں مقیم پاکستانی ٹیم نے حسب معمول سٹیڈیم جا کر پریکٹس سیشن میں حصہ لیا کوچز محمد وسیم ، عبدالرحمان ، جنید خان نے کھلاڑیوں کو ٹپس دیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق پاک جنوبی افریقہ ٹیمیں آج 14 ستمبر کو ملتان سٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی اور کل 15 ستمبر کو میزبان اور مہمان ٹیموں کی کپتان میڈیا کانفرنس سے خطاب کریں گی۔
پرسوں 16 ستمبر کو پہلا ٹی 20 میچ شام سات بجے کھیلا جائے گا اور نصف گھنٹہ قبل ساڑھے چھ بجے ٹاس ہو گا۔ دوسرا ٹی ٹوینٹی 18 ستمبر کو اور تیسرا و آخری ٹی 20 میچ 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
دریں اثنا تین ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکاروں نے سٹیڈیم اور ٹیموں کے روٹس کا چارج سنبھال لیا سیکورٹی دستوں میں پنجاب پولیس ، رینجر، اور حساس ادارے کے اہلکار شامل ہیں۔
علاوہ ازیں وکٹ کی تیاری بھی جاری ہے، گراونڈ سٹاف نے میچ کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔