پاکستان ساؤتھ افریقہ ٹی ٹوئینٹی سیریز: ساؤتھ افریقہ نے پاکستان کو دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی
ریزا ہینڈرکس نے کیرئیر کی پہلی سنچری بناکر جیت پاکستانی شاہینوں کے پنجوں سے چھین کر ساؤتھ افریقہ کے نام کردی، وین ڈیر دوسان کے 66 رنز
سنچورین کے سپر سپورٹس اسٹیڈیم میں ساؤتھ افریقہ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ٹوینٹی سیریز اپنے نام کرلی، بیٹرز کی محنت ضائع، بالرز ناکام ہو گئے۔
207 رنز ہدف کے تعاقب میں ساؤتھ افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کو پہلا نقصان 6 کے ٹوٹل پر اٹھانا پڑا جب ریان ریکلٹن کو جہاں داد خان نے وکٹوں پیچھے کیچ آؤٹ کروایا، جنہوں نے اس وقت تک 2 رنز بنائے تھے، بعد ازاں دوسری وکٹ کی شراکت داری میں 26 سکور بنے اور 28 کے مجموعے پر میتھیو برٹز 12 رنز بناکر جہاں داد خان کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے ریزا ہینڈرکس اور وین ڈیر دوسان نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور پاکستانی بالرز کر دھول چٹا دی، اور وکٹوں کی چاروں جانب شاندار شارٹس کھیل کر شائقین کرکٹ سے داد وصول کی۔ ریزا ہینڈرکس نے 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چھکوں 6 چوکوں کی مدد سے پہلی سنچری سکور کی۔
ان کے جوڑی دار وین ڈیر دوسان نے 33 گیندیں کھیل کر نصف سنچری مکمل کی جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے ۔
دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت داری میں 157 رنز بنائے، ریزا ہینڈرکس نے 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 117 رنز سکور کیے جس میں 10 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، ان کی وکٹ عباس آفریدی کے حصے میں آئی اور عرفان خان نے میچ تھاما۔
بعد میں آنے والے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اور کپتان ہنرچ کلاسںن نے 19.3 اوورز میں مطلوبہ ہدف پورا کرلیا۔
وین ڈیر دوسان 66 جبکہ ہنرچ کلاسںن 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔
پاکستان کی جانب سے جہاں داد خان نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ساؤتھ افریقہ کو دوسرا میچ جیتنے کے لیے ساؤتھ افریقہ کو 207 کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 2 رنز کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے، بابر اعظم 31، عرفان خان کے 30 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی، اور مقررہ 20 اوورز 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور صائم نے اننگ کا آغاز کیا۔
16 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان 1 چوکے کی مدد سے 13 گیندوں پر 11 رنز بنا کر بارٹمین کا شکار ہوئے ، انکا کیچ وینڈر دوسان پکڑا۔
دوسری وکٹ کی شراکت داری میں صائم ایوب اور بابر اعظم نے 87 رنز بنائے اور ٹیم سکور 103 کے ہندسے پر لے گئے۔
بابر اعظم بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام نظر آئے اور 20 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس میں 1 چھکا اور 3 چوکے شامل تھے۔
اس دوران صائم ایوب نے کیرئیر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی جو انہوں نے 33 گیندوں کا سامنا کرنے مکمل کی، جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل 49 رنز ان کی ہائیسٹ اننگ تھی۔
عثمان خان اور طیب طاہر بھی صائم ایوب کا ساتھ نہ نبھا سکے اور باالترتیب 3 اور 6 رنز بناکر لنڈے اور گلیم کا گیندوں پر آؤٹ ہوئے ۔
عرفان خان نے 30 رنز بنائے اور بارٹمین کی گیند پر وین ڈیر دوسان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔
صائم ایوب 2 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے اور 57 گیندوں 5 چھکے اور 11 چوکے لگا کر 98 پر ناٹ آؤٹ رہے ، کریز پر انکا ساتھ عباس آفریدی نے دیا جنہوں نے 1چھکا اور 1 چوکا لگایا اور 4 گیندیں کھیل کر 11 رنز ناٹ آؤٹ رہے ۔
ساؤتھ افریقہ کی جانب سے گلیم ، بارٹمین نے 2-2 جبکہ جارج لنڈے نے ایک وکٹ حاصل کی۔