جنوبی پنجاب سکول ہاکی لیگ (سیزن تھری) کا فائنل راؤنڈ بہاول پور ڈویژن کے نام
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ سکول ہاکی لیگ (سیزن تھری) کے فائنل راؤنڈ میں مجموعی طور پر بہاول پور ڈویژن کی گرلز و بوائز ٹیمیں چھائی رہیں۔
مطیع اللہ خان ہاکی اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہ گرلز کٹیگری کے فائنل میچ میں بہاول پور براق کی ٹیم نے لیہ لجپال کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ بوائز کٹیگری کے فائنل مقابلے میں بہاول نگر برق رفتار نے دو کے مقابلے میں تین گول سے خانیوال خطرناک کو شکست دے کر چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے گرلز کٹیگری کے میچ میں بہاول پور نواب کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے ملتان مشاق کو ہرا دیا جب کہ بوائز کٹیگری میں سوئم پوزیشن کے لیے ہونے والے میچ میں رحیم یار خان یاران کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں چار گول سے ڈیرہ غازی خان کو شکست سے دو چار کیا۔
سکول ہاکی لیگ (سیزن تھری) کے فائنل میچز کے مہمانان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور اور محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) خواجہ مظہر الحق تھے۔
اس موقع پر ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، سیکشن آفیسر حنا چوہدری سمیت محکمہ تعلیم اور محکمہ سپورٹس کے متعلقہ حکام، طلباء اور عام شائقین کی کثیر تعداد سٹیڈیم میں ٹیموں کی سپورٹ اور حوصلہ افزائی کے لیے موجود رہی۔
میچز کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے جیتنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا۔