ذہنی پسماندہ بچوں کا سنٹر بند، پرنسپل اور ڈی ای او کے خلاف کارروائی
دو نومبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق جبین نے چارج سنبھالتے ہی پہلا دورہ ملتان کا کیا تھا۔
بہادر پور بوسن روڑ کے سنٹر پر اچانک وزٹ کیا تو بچے موجود نہیں تھے، جس پر انہوں نے خصوصی بچوں کے تعلیمی ادارے میں بچوں کی عدم موجودگی پر برہمی کااظہار کیا، ان کو بتایا گیا کہ یہ چار روز سے بچے سکول نہیں آرہے، جس پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن ملتان اور ڈی او سپیشل ایجوکیشن ملتان کی انکوائری کا حکم دیدیا تھا، اب اس سنٹر کو بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ذہنی پسماندہ بچوں کے سنٹر کو بند کرکے تمام طلباء کو سپیشل ایجوکیشن کے قریبی سنٹرز میں منتقل کیا جائے تاکہ وہ باقاعدگی سے سکول آسکیں، ایک ہفتے میں ان احکامات پر عمل کرکے رپورٹ کی جائے اور منتقل کئے گئے بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کی مکمل سہولت فراہم کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ای او ذیشان اور پرنسپل ارشاد کے خلاف شوکاز جاری ہوچکے ہیں اور پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہورہی ہے، سینٹر بند ہونے سے اساتذہ اور عملہ پریشان ہوگیا، ان کے مستقبل کا کیا بنے گا ۔
سیپشل ایجوکیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سنٹر کے عملے اور اساتذہ کوبھی ان سکولوں میں ٹرانسفر کردیاجائے گا، جہاں یہ بچے منتقل کئے جائیں گے ۔