بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت اور مخیر حضرات کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا: رانا اسحاق

ممبر صوبائی اسمبلی رانا اقبال سراج کے بھائی سیاسی و سماجی شخصیت رانا محمد اسحاق سراج نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے تعلیم کو عام کرنے اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت اور مخیر حضرات کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے گورنمنٹ ہائی سکول رنگیل پور اور گرلز پرائمری سکول رنگیل پور میں مستحق طلباء و طالبات میں مفت سکول یونیفارمز تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) ملتان منور حسین کمال، ہیڈ ماسٹر خالد محمود، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری محمد حسین، سماجی راہنما میاں نعیم ارشد، محبوب اشرف اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن، اے ای اُو مرکز رنگیل پور میڈم عائزہ، مسز بنگش عروج ہیڈ مسٹریس، رانا منشاء، چوہدری محمد ارشد شہزاد،راؤ محمد حنیف، چوہدری محمد اسلم،رانا پرویز سردار،راؤ عزیزالرحمن، حافظ مسعود الرحمن، حافظ محسن، چوہدری صغیر نے کہا کہ سکول یونیفارمز کی مفت فراہمی کا مقصد ایسے بچوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث بنیادی تعلیمی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔
مستحق طلباء و طالبات میں یونیفارمز کی مفت تقسیم کو ایک مثبت اور قابلِ ستائش اقدام ہے، ایسے اقدامات سے نہ صرف تعلیم کے فروغ میں مدد ملتی ہے بلکہ والدین کا بوجھ بھی کم ہوتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منور حسین کمال نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے اور اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور شرح خواندگی میں اضافہ کرنا ہے۔
مقررین نے اس موقع پر پاک فوج کو حالیہ قومی سطح پر حاصل کامیابیوں پر زبردست خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ ملک کے امن و استحکام میں پاک فوج کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں میں یونیفارمز تقسیم کی گئیں، جبکہ اس موقع پر اساتذہ، والدین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے اس اقدام کو سراہا اور مزید ایسے فلاحی اقدامات کی توقع ظاہر کی۔