طلباء کی کردار سازی کے لیے سکولوں میں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز بنانے کا حکم

تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی اخلاقی تربیت اور مثبت کردار سازی کو فروغ دینے کے لیے ’’کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز‘‘ کے قیام اور فعال بنانے کی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو دیانت داری، نظم و ضبط، سماجی ذمہ داری، قانون کی پاسداری اور معاشرتی اقدار کے فروغ کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک بہترین شہری کے طور پر اپنی خدمات انجام دے سکیں۔
اس سلسلے میں جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز کے قیام کے مقاصد میں طلبہ میں قومی سوچ، مثبت رہنمائی، اینٹی کرپشن شعور اجاگر کرنا، طلبہ کو اعلیٰ اخلاقی و سماجی اقدار کی شناخت دینا اور انہیں عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دینا شامل ہیں۔
ان سوسائٹیز کے اراکین کو ذمہ داری سونپی جائے گی کہ وہ اپنے اداروں میں شفافیت و ایمانداری کے ماحول کو فروغ دیں اور نظم و ضبط کی پاسداری میں مثالی کردار ادا کریں۔
سوسائٹی میں طلبہ کا کردار نہایت اہم ہوگا جنہیں مختلف کردار سازی سرگرمیوں میں حصہ لینے، رضاکارانہ خدمات انجام دینے، ماحول دوستی، کمیونٹی سپورٹ پروگراموں اور اصلاحی مہمات میں پیش پیش رہنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اساتذہ اور کوآرڈینیٹرز کو رہنمائی، تربیت اور نگرانی کی ذمہ داری دی جائے گی تاکہ یہ سوسائٹیز مؤثر انداز میں اپنے مقاصد حاصل کرسکیں۔ان سوسائٹیز کے اراکین کا انتخاب شفاف طریقۂ کار اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا جبکہ کردار سازی پروگرامز، آگاہی مہمات، سیمینارز، مباحثے، ورکشاپس اور دیگر سرگرمیوں کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے گا۔
طلباء کی کاوشوں اور سرگرمیوں کی باقاعدہ رپورٹنگ بھی لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ ان سوسائٹیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔اس اقدام کے ذریعے نوجوانوں میں اینٹی کرپشن آگاہی، قانون کا احترام، برداشت، حسنِ سلوک، انصاف پسندی اور معاشرتی ہم آہنگی جیسے اصولوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق یہ پروگرام معاشرے سے عدم برداشت، منفی طرزِ عمل اور کرپشن کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کرے گا جبکہ طلباء اور والدین نے بھی موجودہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کردار سازی کو تعلیمی نظام کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے نہ صرف تعلیمی ماحول بہتر ہوگا بلکہ ایک مہذب اور مضبوط معاشرہ تشکیل پائے گا۔




















