ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس کلبز سوسائٹیز ڈے کا انعقاد

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس کلبز سوسائٹیز ڈے کا انعقاد کیا گیا، اس دن کو منانے کا مقصد طلباء وطالبات میں یونیورسٹی کی تعلیم میں ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
اس حوالے سے آفس آف دی سینئر ٹیوٹر کے زیر اہتمام یونیورسٹی کی بیس سے زائد طلباء سوسائٹیز اور کلبز نے اپنے اسٹالز پر مختلف پراجیکٹس اور صلاحیتوں کی نمائش کی۔
ان اسٹالز میں قرآت اور نعت کلب، ڈیبیٹنگ کلب، پلانٹ فار لائف سوسائٹی، جیئم، ڈرامیٹک کلب، میوزک کلب، کوڈنگ ہاک سوسائٹی، روٹریکٹ کلب، پییس کلب، کلین انوائرمنٹ فورس، پبلک ہیلتھ سوسائٹی،بلڈ ڈونیشن سوسائٹی،کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی اور روور اسکاؤٹس سرفہرست تھے۔
یونیورسٹی کے طلباء وطالبات نے مختلف موضوعات پر اوپن تھیٹر بھی پیش کئے۔
رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز) نے طلباء وطالبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کو بہترین بنانے اور طلباء وطالبات کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سٹوڈنٹس کلبز سوسائٹیز کا بھرپور طریقے سے فعال ہونا بہت ضروری ہے، جو طلباء وطالبات ان کلبز سوسائٹیز میں رضاکارانہ طور پر خدمات سر انجام دیتے ہیں وہ نہ صرف معاشرے کے لیے بہترین شہری بن کر ابھرتے ہیں بلکہ ان کو روزگار کے مواقع بھی زیادہ ملتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر مرزا عبدالقیوم، ڈاکٹر عثمان جمشید، ڈاکٹر نعیم طور سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔