پنجاب بھر کے سکولوں میں نئے تعلیمی سال میں صرف 33 روز سرگرمیوں کے بعد تعطیلات کر دی گئیں

سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات شروع ہوگئیں، اب اڑھائی ماہ کی چھٹیوں کے بعد سکول دوبارہ 15 اگست سے کھلیں گے۔
صوبہ پنجاب کے سکولوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز 7 اپریل سے ہوا تھا، سکولوں میں 28 مئی تک غیر اعلانیہ چھٹیوں کے باعث صرف 33 روز ہی کلاسز ہوسکیں، بروقت تعلیمی سال شروع کیا جاتا تو کم ازکم 60 روز کلاسز ہونا تھیں۔
سرکاری سکولوں میں ہفتے کے روز چھٹی کے باعث 8 روز کلاسز نہ ہوسکیں۔پانچ چھٹیاں جنگ کے دوران، 1 یوم مئی اور 1 یوم تکبیر کی چھٹی کے باعث بھی کلاسز نہ ہوسکیں۔ موسم گرما کی چھٹیوں کے باعث اب سکول 79 دن کے بعد کھلیں گے۔
نہم بورڈ کے امتحان کے باعث میٹرک کی ریگولر کلاسز کا آغاز 21 اپریل سے ہوا تھا، میٹرک کے طلباء کو بھی صرف 22 روز سلیبس پڑھنے کیلئے مل سکے۔
اب میٹرک کے طلباء بھی گرمی کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ سکول آئیں گے۔میٹرک کے طلبا اب سکول میں بمشکل 6 ماہ پڑھ کر بورڈ کا امتحان دیں گے۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ چھٹیوں کے باعث طلباء کا بے تحاشا نقصان ہو رہا ہے،حکومت چھٹیوں کے دورانیہ میں کمی کرے تاکہ طلباء مکمل سلیبس پڑھ سکیں۔