زرعی یونیورسٹی میں ٹیچر ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈائریکٹریٹ آف پبلک ریلیشنز اور قرات نعت کلب کے زیر اہتمام ورلڈ ٹیچر ڈے کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کے گیسٹ سپیکر مفتی لیاقت علی امین تھے۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پوری دنیا میں سب سے بڑے معلم تھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اخلاق کے بلند مرتبہ پر فائز تھے۔یہی وجہ تھی کہ عرب و عجم میں انقلاب آیا۔
تاریخ انسانی میں ایسے استاد کی مثال نہیں ملتی جس نے پوری انسانیت کی رہنمائی کرتے ہوئے انسانوں کی زندگیاں بدل دیں۔بطور استاد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کردار میں نرمی اور عاجزی نمایاں تھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مشکل حالات میں صبر اور شکر کا درس دیتے تھے۔آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کبھی بھی سختی سے اصلاح نہ فرماتے۔یوں آپ صلی اللہ علیہ وسلم رہتی دنیا تک معلم انسانیت رہیں گے۔
پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد ہی وہ ہستی ہے جس نے علم کے موتی تراش کر عقل کو علم سے روشن کرکے ہنر سکھایا۔آج کے دور میں تمام اساتذہ کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اسوہ حسنہ کو سامنے رکھتے ہوئے پڑھانا چاہیے۔
اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ اپنے کام اور مشن کو پیغمبری پیشہ سمجھ کر آگے بڑھیں۔استاد کا احترام قوموں کی بقا اور ترقی کا ضامن ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر جنید علی خان،پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی،عمران محمود،رفیق احمد فاروقی،ڈاکٹر تنویر احمد،ڈاکٹر عثمان جمشید،ڈاکٹر مرزا عابد محمود،ڈاکٹر وزیر احمد سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی