ہارڈشپ بنیادوں پر ٹرانسفر، ٹیچرز کو مایوسی کا سامنا

محکمہ سکولز میں ہارڈشپ بنیادوں پر ٹرانسفر کے خواہش مند اساتذہ کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جن اساتذہ جنہوں نے اپنی ہی تحصیل میں ہارڈشپ کی بنیاد پر تبادلے کے لیے درخواستیں جمع کروائی تھیں، اُن میں سے بیشتر کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ نے ازدواجی مسائل، بچوں کی تعلیم، والدین کی بیماری اور دیگر ناگزیر گھریلو وجوہات کی بنیاد پر ہارڈشپ ٹرانسفر کے لیے اپلائی کیا تھا، تاہم محکمہ کی جانب سے ان درخواستوں کو پالیسی کی بعض شقوں کا حوالہ دیتے ہوئے منظور نہیں کیا گیا۔
متاثرہ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ایک ہی تحصیل میں ٹرانسفر کے باوجود اُنہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ محکمانہ پالیسی میں ہارڈشپ کی بنیاد پر رعایت کی گنجائش موجود ہے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کے کیسز کا ازسرنو جائزہ لے کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
دوسری جانب محکمہ سکولز کاکہنا ہے کہ ٹرانسفر پالیسی کے تحت درخواستوں کا جائزہ میرٹ اور قواعد کے مطابق لیا گیا ہے، اور وہ درخواستیں جو مقررہ معیار پر پوری نہیں اُتریں، مسترد کی گئی ہیں۔
اساتذہ تنظیموں نے بھی اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حقیقی ہارڈشپ کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کیا جائے تاکہ اساتذہ تدریسی فرائض بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔




















